میرٹھ:یوم آزادی پر ترنگا ریلی کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے پر ایک شخص گرفتار
میرٹھ پولیس نےقومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی دفعات کے تحت گرفتار کیا
نئی دہلی ،17 اگست :۔
گزشتہ روز یوم آزادی کے موقع پر ایک ترنگا ریلی کے دوران ایک شخص ترنگا جھنڈا کے ساتھ فلسطین کا پرچم بھی لہراتا ہوا نظر آیا تھا ۔جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق جمعہ کو میرٹھ کے کوتوالی علاقے سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ۔ اس پر "ترنگا ریلی” کے دوران مبینہ طور پر فلسطینی پرچم لہرانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 15 اگست، 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیش آیا۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہواجس میں نوجوان کو ترنگا جھنڈے کے ساتھ فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے دکھایا گیا ۔ جس کی شناخت راشد عرف منا کے نام سے ہوئی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقامی ہندو رہنماؤں نے اس پر اعتراض کیا پولیس میں شکایت کی۔
ضلعی پولیس کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ کوتوالی پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 197(2) کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو قومی یکجہتی کے لیے کو نقصان پہنچانے والی دفعہ ہے۔اسی دفعہ کا حوالہ دے کر گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ افسر نے بتایا، ’’ملزم، راشد عرف منا، جو کہ مقامی باشندہ ہے، کو پوروا اہیراں کے قریب ایک کمپلیکس کے سامنے سے گرفتار کیا گیا ، پولیس اس معاملے میں مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ جب سے فلسطین میں اسرائیل کی جنگ چھڑی ہے وطن عزیز میں فلسطینی پرچم لہرانا ایک کرائم ہو گیاہے۔ پولیس اور حکومت فلسطینی پرچم لہرانے یا رکھنے پر گرفتار کر رہی ہے۔اس سے قبل محرم کے جلوس میں بھی فلسطینی پرچم لہرانے پر متعدد مقامات پر مسلم نوجوانوں کی گرفتاری ہوئی ہے۔جبکہ وہیں اسرائیلی پرچم کے ساتھ ایک گروپ مسلسل مظاہرے کرتا رہا ہے اور اسرائیل کی حمایت میں جھنڈے لہراتا رہا ہے مگر اس پر کوئی ایکشن نہیں ہوگا۔