مہوا موئترا کی پارلیمانی رکنیت منسوخ
رشوت لے کر سوال پوچھنے کے معاملے میں اخلاقیات کمیٹی کی سفارش کو لوک سبھا نے منظوری دی
نئی دہلی ،08دسمبر :۔
ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے حکمراں جماعت کی خامیوں کو اجاگر کرنے والی ایک مضبوط آوازترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا بھی ایوان سے باہر کر دی گئی ہیں ۔رپورٹ کے مطابق رشوت لے کر سوال پوچھنے کے معاملے میں لوک سبھا کی اخلاقیات کمیٹی کی رپورٹ آج ایوان میں رکھی گئی جس میں مہوا موئترا کی رکنیت منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ اس سفارش کو لوک سبھا نے منظوری دے دی ہے۔ نصف گھنٹے کی بحث کے بعد لوک سبھا نے اخلاقیات کمیٹی کی اس رپورٹ کو منظوری دی جس میں مہوا موئترا کی لوک سبھا رکنیت معطل کرنے کی سفارش تھی۔
آج لوک سبھا میں مہوا موئترا کی رکنیت منسوخ کرنے سے متعلق تجویز کو پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے منظوری فراہم کی۔ اس کا صاف مطلب ہے کہ نقدی کے بدلے سوال پوچھنے کے معاملے میں مہوا کی پارلیمانی رکنیت فوری اثر سے رد ہو گئی ہے۔ لوک سبھا اسپیکر نے اس معاملے پر کہا کہ مہوا کا رویہ غیر اخلاقی ہے، انھیں اس طرح کا عمل انجام نہیں دینا چاہیے تھا۔
اپنی پارلیمانی رکنیت منسوخ کیے جانے پر مہوا موئترا نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کسی طرح کی رقم یا تحفہ لینے کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ اخلاقیات کمیٹی اس معاملے کی جانچ کی تہہ تک بھی نہیں گئی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مودی حکومت کو لگتا ہے کہ مجھے خاموش کرا کر وہ اڈانی کے ایشو سے دھیان بھٹکا دے گی، لیکن ایسا نہیں ہو پائے گا۔‘‘
واضح رہے کہ ٹی ایم سی کی رکن مہوا موئترا ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے مضبوط آواز سمجھی جاتی ہیں ،انہوں نے متعدد مسائل پر حکمراں جماعت کے خلاف ایوان نے کھل کر بولا ہے ،ان کے متعدد بیانا سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئے ہیں ۔