مہاکمبھ میلے میں پھر آتشزدگی، 22 خیمےجل کر راکھ
![](https://dawatnews.net/wp-content/uploads/2025/02/Fire-in-Kumbh-700x430.jpg)
نئی دہلی ،07 فروری :۔
پریاگ راج میں چل رہا مہا کمبھ میلے میں حادثات رک نہیں رہے ہیں ۔بھگدڑ واقعہ میں اموات کی تعداد کو چھپانے کے الزامات کا سامنا کر رہی یوگی حکومت گرچہ بہترین انتظام کا دعویٰ کر رہی ہے لئے آئے دن کوئی نہ کوئی حادثہ انتظامات کی پول کھول رہا ہے۔یہ حادثے مسلسل ہو رہے ہیں ۔ آج بھی جمعہ کو آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ سیکٹر 18 کے قریب اسکان کیمپس میں پیش آیا، جہاں ا ولڈ جی ٹی روڈ پر قائم ایک کیمپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ خوش قسمتی سے، فائر بریگیڈ کی فوری کارروائی سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا اور بڑے حادثے سے بچا لیا گیا۔
جیسے ہی آگ لگنے کی اطلاع ملی، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی۔ ابتدا میں آگ کی لپٹیں کافی بلند ہو رہی تھیں، تاہم فائر فائٹرز کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
کھاک چوک تھانے کے انچارج انسپکٹر یوگیش چترویدی کے مطابق، آگ اولڈ جی ٹی روڈ پر تلسی چوراہے کے قریب ایک کیمپ میں لگی تھی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور آگ بجھانے میں مصروف ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ فائر بریگیڈ کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر موجود تھے تاکہ صورت حال پر نظر رکھ سکیں۔
ذرائع کے مطابق، اس حادثے میں 22 ٹینٹ مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئے۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے صرف 5 منٹ میں فائر بریگیڈ کی 40 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ایس پی سٹی سرویش کمار مشرا نے تصدیق کی کہ مہاکمبھ میلہ علاقے کے شنکراچاریہ مارگ، سیکٹر 18 میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔