مہاراشڑ:گوشت کاروباریوں کیخلاف پھر نیا فرمان ،یوم آزادی پر دکانیں بند رکھنے کا نوٹس

 کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن  نے یوم آزادی پر دکانیں بند کرنے  کو نوٹس جاری کیا ،ایم ایل اے جتیندر اوہاڈ نے مذمت کی

دعوت ویب ڈیسک

نئی دہلی ،11 اگست ۔

مہاراشٹر میں  میں گوشت کے کاروباری پہلے ہیں حکومت کے سخت احکامات کی وجہ سے پریشان ہیں ،حالیہ دنوں میں ایک ماہ تک ساون میں دکانیں بند تھیں ،کاروبار بند تھا ابھی ڈھنگ سے دکانیں کھلی بھی نہیں کہ پھر انتظامیہ نے ایک فرمان جاری کر کے تنازعہ کھڑا کر دیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق تھانے کے کے ڈی ایم سی(کلیان ڈومبیولی نگر نگم) نے یوم آزادی پر گوشت کی دکانیں بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ایم ایل اے جتیندر اوہاد نے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں، کلیان-ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) نے یوم آزادی کے موقع پر گوشت کی تمام دکانوں اور مذبح خانوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے، اس فیصلے پر این سی پی (شرد پوار) کے رہنما جتیندر اوہاد نے شدید تنقید کی ہے۔

کے ڈی ایم سی کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بکرے، بھیڑ، مرغی، یا بڑے جانوروں کا گوشت بیچنے والے ذبح خانے اور لائسنس یافتہ قصاب 14 اگست کی آدھی رات سے 15 اگست کی آدھی رات تک 24 گھنٹے بند رہیں گے۔ ساتھ ہی منتبہ کیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی پر مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1949 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر (لائسنسنگ) کنچن گائیکواڑ، جنہوں نے حکم نامے پر دستخط کیے، کہا کہ یہ طویل عرصے سے جاری انتظامی قراردادوں کے مطابق ہے جس کا مقصد امن عامہ کو برقرار رکھناہے۔

ممبرا کلوا کے ایم ایل اے اوہاد نے پابندی پر سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے   کہا کہ میں اس دن ایک مٹن پارٹی کی میزبانی کرنے کا ارادہ کر رہا ہوں، جس دن ہمیں آزادی ملی، آپ ہماری آزادی چھین رہے ہیں کہ ہم کیا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا ایکس پر  بھی پوسٹ کیا، "یہ بہت زیادہ ہے۔ آپ کون ہوتے ہیں یہ فیصلہ کرنے والے کہ لوگ کیا کھائیں گے اور کب؟”