مہاراشٹر کے گورنربی جے پی کی کٹھ پتلی: کانگریس
کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مہاراشٹر میں حکومت سازی کے معاملے میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری آئینی قدروں پر عمل کرنے کے بجائے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کٹھ پتلی بن کر کام کر رہے ہیں۔
کانگریس میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجےوالا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مہاراشٹر میں صدر راج کا نفاذ غلط اور غیر آئینی ہے۔ گورنر آئینی نظام کو نظرانداز کرکے دہلی کے اپنے حکمرانوں کے اشارے پر کٹھ پتلی بن کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو برازیل کے دورے پر جانا تھا لہذا جلدی بازی میں کابینہ کی میٹنگ بلائی گئی اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے دیا گیا وقت مکمل ہونے سے پہلے ہی گورنر نے فیصلہ سنا دیا کہ کوئی بھی پارٹی حکومت نہیں بنا پا رہی ہے۔
کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ گورنر نے ہر پارٹی کو الگ الگ اکثریت ثابت کرنے کا موقع دیا تو پھر کانگریس کو کیوں نہیں دیا۔ اس کے علاوہ اکثریت ثابت کرنے کے لیے الگ الگ وقت کی حد کیوں مقرر کی گئی۔ بی جے پی کو 48 گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا جب کہ شیو سینا کو 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا۔ این سی پی کو محض دس گھنٹے کا بھی وقت نہیں ملا اور کانگریس کو تو ایک منٹ کا بھی وقت نہیں دیا گیا۔