مہاراشٹر کے لوگوں کیلئے انڈیا اتحاد کی 5 گارنٹیاں
راہل گاندھی نے مہاراشٹر کے عوام سے ان پانچ گارنٹیوں سے بے روزگاری سے نجات دلانے اور خوشحالی کا وعدہ کیا
نئی دہلی،10 نومبر :۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کو لے کر ہلچل تیز ہوگئی ہے، پارٹیوں اور لیڈروں کے وعدوں اور دعوؤں کا دور جاری ہے۔جہاں ایک طرف بی جے پی رہنما کھل کر مسلمانوں کے خلاف بول رہے ہیں اور کسی بھی صورت میں بی جے پی کے رہنے مسلمانوں کو ریزریویشن نہ دینے کا عزم ظاہر کر رہے ہیں وہیں دوسری جانب کانگریس ہے جو انڈیا اتحاد کے بینر تلے مہاراشٹر کے لوگوں کو گارنٹیوں کا بھروسہ دلا رہی ہے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ انڈیا اتحاد کی 5 ضمانتیں مہاراشٹر کے لوگوں کو ناانصافی کے اس چکر سے نجات دلائیں گی اور انہیں عزت نفس کے ساتھ جینے کا راستہ فراہم کریں گی۔
راہل گاندھی نے کہا ہے کہ 2022 میں وزیر اعظم مودی نے کانگریس کی مفاد عامہ کی اسکیموں کو ‘مفت کی ریو ڑی’ کہہ کر ملک کو گمراہ کیا۔ پھر بھی وہ کانگریس کی گارنٹیوں پر ہی اپنا ٹکٹ چسپاں کر کے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا ایکس پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جولائی 2022 میں وزیر اعظم مودی نے کانگریس کے عوامی منصوبوں کو فری کی ریوڑی کہہ کر ملک کو گمراہ کیا پھر بھی وہ کانگریس کی گارنٹیوں پر ہی اپنی پرچی چپکا کر ملک میں اور ہر ریاست میں انتخابی تشہیر کر رہے ہیں اور پھر کانگریس پر وعدے پورے نہ کرنے کا بے بنیاد الزام لگاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی جی، ہمارا چیلنج ہے، کرناٹک آئیں، گھوم پھریں، تحقیقات کریں- ہم نے ہر وعدہ پورا کیا ہے۔ کرناٹک میں کانگریس کی اسکیموں نے کروڑوں خواتین، نوجوانوں، کسانوں اور غریبوں کی تقدیر بدل دی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہم نے تلنگانہ اور ہماچل میں بھی اپنے وعدے پورے کئے ہیں۔ اور اب انڈیا اتحاد اپنی 5 گارنٹیوں کے ساتھ مہاراشٹر میں بھی بڑی تبدیلیاں لانے جا رہا ہے۔
مہالکشمی: ₹ 3,000/ماہ اور خواتین کے لیے مفت بس سروس
سمان تیچی ہمی: ذات پات کی مردم شماری اور ریزرویشن پر 50% کی حد کا خاتمہ
کٹمب رکشن: 25 لاکھ روپے تک کا ہیلتھ انشورنس اور مفت دوائی
زرعی خوشحالی: 3 لاکھ تک کے زرعی قرض کی معافی، باقاعدہ ادائیگی پر 50,000 کی ترغیب
یووکنا شبد: بے روزگار نوجوانوں کو 4,000/ماہ کی مدد۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکیمیں لوگوں کو بی جے پی کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری سے لڑنے کے لیے بااختیار بنائیں گی – ان کا معیار زندگی بہتر ہوگا – اچھی تعلیم اور غذائیت تک ان کی رسائی بڑھے گی۔
راہل نے کہا، میں یہ اتنے اعتماد کے ساتھ کہہ رہا ہوں کیونکہ یہ آزمایا ہوا ہے۔ آج کرناٹک میں 1.21 کروڑ خواتین کانگریس کی مہالکشمی اسکیم سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی 5 گارنٹیاں مہاراشٹر کے ہر طبقے کو ناانصافی کے چکر سے نجات دلائیں گی اور انہیں عزت نفس کے ساتھ جینے کا راستہ فراہم کریں گی۔