مہاراشٹر: چائلڈ ٹریفکنگ کے الزام میں گرفتار مدرسہ کے اساتذہ  بری،نہیں ملا کوئی ثبوت

رواں سال بہار سے مہاراشٹر 59 بچوں کو مدرسے میں داخلہ کے لئے لے جاتے ہوئے جی آر پی نے چائلڈ ٹریفکنگ کا الزام لگا کر گرفتار کر لیا تھا

نئی دہلی ،02 مئی :۔

مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت صرف سماجی سطح پر ہی نہیں بلکہ سرکاری سطح پر بھی  نظر آ رہی ہے اور اس کا خمیازہ مسلمانوں کو بھگتنا پڑتاہے ،پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مہاراشٹر میں ایک مدرسہ کے تین اساتذہ کو ٹرین میں سفر کے دوران جی آر پی کی ایسی ہے نفرت کا سامنا کرنا پڑا ۔اب تحقیقات کے بعد تمام گرفتار اساتذہ بری ہو گئے اور ان کے خلاف اس طرح کے کوئی ثبوت نہیں ملا ۔

تفصیلات کے مطابق منماڈ اور بھساول میں گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) نے مئی 2023 میں گرفتار مدرسہ کے پانچ اساتذہ کے خلاف دو مجرمانہ مقدمات اب بند کر دیے ہیں -انہیں 59 بچوں کو بہار سے مہاراشٹر میں مبینہ طور پر چائلڈ لیبر کے لیے اسمگل کرنے کے الزام میں چار ہفتوں کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ جی آر پی افسران نے کہا کہ مقدمات کو اس سال مارچ میں بند کر دیا گیا کیونکہ تحقیقات میں یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ایف آئی آر ایک "غلط فہمی” کی وجہ سے درج کی گئی تھی۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ریلوے، مہاراشٹر پرادنیا سراودے نے  اس کی تصدیق کی۔کیس کے مطابق 30 مئی 2023 کو بہار کے ارریہ ضلع کے 8 سے 17 سال کی عمر کے 59 بچے مدرسوں میں اسلامی تعلیم حاصل کرنے کے لیے پنے اور سانگلی کے لیے ٹرین میں سفر کر رہے تھے۔ دہلی میں جوینائل جسٹس بورڈ اور ریلوے بورڈ سے منسلک ایک سینئر افسر کی اطلاع پر عمل کرتے ہوئے، ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف  نے ایک این جی او کے ساتھ مل کر بھساول اور منماڈ اسٹیشنوں پر بچوں کو  اتار لیا۔بچوں کو 12 دن تک ناسک اور بھساول کے شیلٹر ہومز میں رکھا گیا، کیونکہ حکام کو شبہ تھا کہ انہیں چائلڈ لیبر کے لیے اسمگل کیا جا رہا ہے۔ ناراض، والدین نے بچوں کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا، اور بعد میں ناسک ضلع انتظامیہ نے انہیں واپس بہاربھیج دیا۔

آر پی ایف حکام نے دعویٰ کیا کہ بچوں کے ساتھ آنے والے مدرسے کے پانچ نمائندے اپنے سفر کے لیے مناسب دستاویزات فراہم نہیں کر سکے، جس کی وجہ سے تعزیرات ہند کی دفعہ 370 (افراد کی اسمگلنگ) اور 34 (مشترکہ نیت) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔

گرفتار افراد میں سانگلی کے رہائشی محمد انظر عالم،محمد سید علی (34)؛  ارریہ کے رہائشی صدام حسین صدیقی (23)، نعمان عالم صدیقی (28)، اعجاز ضیاء  صدیقی (40) اور محمد شاہنواز ہارون (22)۔ ان پر انسانی سمگلنگ کا الزام تھا۔ تحقیقات کے دوران جی آر پی افسران نے ارریہ کا دورہ کیا اور ملزمین اور بچوں کی اسناد کی تصدیق کی۔ انہوں نے اس مدرسہ کا بھی معائنہ کیا جہاں بچوں کو لے جانا تھا۔ آر پی ایف حکام  نے بتایا کہ تصدیق کے بعد، ہم نے معلوم کیا کہ کوئی انسانی اسمگلنگ نہیں ہے اور عدالت کے سامنے ایک ‘C-Sumary’ کلوزر رپورٹ جمع کرائی،” بھساول جی آر پی کے انسپکٹر وجے گھیراڈے نے کہا کہ انہوں نے عدالت میں سی سمری کلوزر رپورٹ داخل کی ہے۔

پانچوں اساتذہ کو مجرمانہ ریکارڈ سے بری کر دیا گیا ہے لیکن جھوٹے الزامات کا  ان کی ذاتی اور سماجی زندگی پر بہت اثر پڑا  اگرچہ لوگ جانتے تھے کہ مقدمات جھوٹے ہیں، لیکن ایف آئی آر اور گرفتاریوں نے تاثرات کو تبدیل کر دیا، جس سے  انہیں سماجی اور نفسیاتی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک متاثر استادصدام حسین صدیقی نے بتایا، "میرے پاس تمام بچوں کے آدھار کارڈ تھے اور میں نے ویڈیو کال کے ذریعے پولیس کو ان کے والدین سے جوڑنے کی پیشکش کی، لیکن انہوں نے مقامی سرپنچ یا والدین سے اتھارٹی لیٹر کا مطالبہ کیا، جو ہمارے پاس نہیں تھا۔ 28 دن جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے کے بعد ہمیں ضمانت مل گئی۔ میرے والدین بہت خوفزدہ تھے، انہوں نے کئی دن کھانا نہیں کھایا۔

اساتذہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ نیاز احمد لودھی نے کہا، ’’ہم نے ان بے بنیاد ایف آئی آرز کو منسوخ کرنے کے لیے بمبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ انہیں کوئی ثبوت نہیں ملا اور وہ کیس بند کر رہی ہے۔