مہاراشٹر :ووٹ کیلئے سب جائز ہے،بی جے پی کی اتحادی حکومت کا  مدرسہ ٹیچروں کی تنخواہ میں اضافہ کا فیصلہ

بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی حمایت کی اور تنخواہ کے اضافے کو درست قرار دیا،اسمبلی انتخابات کے پیش نظر شندے حکومت کا اہم قدم

نئی دہلی ،11 اکتوبر :۔

کہتے ہیں سیاست میں ووٹ کے لئے سیاسی پارٹیاں کچھ بھی کرنے کو تیار رہتی ہیں چاہے اس کے لئے اپنے نظریات سے بھی سمجھوتہ کرنا پڑے۔ کچھ بھی ہو مگر ووٹ ملنا چاہئے۔ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات  کے پیش نظر بی جے پی کی اتحادی شند ے حکومت نے ایک ایسا ہی فیصلہ لیا ہے جس میں مدرسہ کے اساتذہ کی تنخواہوں میں زبر دست اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حیرت کی بات یہ ہے کہ بی جے پی نے بھی اس اضافے کے فیصلے کو درست اور جائز ٹھہراتے ہوئے اس کا باقاعدہ دفاع کیا ہے۔

خیال رہے کہ ایک طرف بی جے پی کی آسام میں حکومت مدرسوں کو سرے سے ختم کر رہی ہے اور مدارس کے وجود کو ہی ختم کرنے کی وکالت کرتی ہے۔وہیں مدھیہ پردیش اور اتر پردیش کی حکومت بھی مدرسوں کو بند کرنے کے فیصلے کرتی ہیں  وہیں مہاراشٹر میں مدارس کے اساتذہ کی تنخواہوںمیں اضافہ کر کے مدرسوں کے فروغ کی بات کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کے پیش نظر شندے حکومت نے مسلمانوں اور اقلیتوں کو خوش کرنے کے لیے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے اور مدارس میں پڑھانے والے اساتذہ کی تنخواہ میں تین گنا اضافہ کیا ہے۔دراصل، مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے کی صدارت میں جمعرات کو ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں حکومت نے مدرسہ کے اساتذہ کی تنخواہوں اور مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے فنڈز میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس فیصلے میں ڈی ایڈ کی ڈگری والے پرائمر ی اساتذہ کی تنخواہ 6000 روپے سے بڑھا کر 16000 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ B.Ed کی ڈگری والے سیکنڈری سکولوں کے اساتذہ کی ماہانہ تنخواہ 8000 سے بڑھا کر 18000 روپے کر دی گئی ہے۔ مہاراشٹر حکومت کے اس فیصلے کو، جو اسمبلی انتخابات سے عین قبل لیا گیا ہے، اسے مہاوتی حکومت کی اتحادی پارٹی یعنی این سی پی سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی سیاسی سوچ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اجیت پوار نے حال ہی میں یہ بھی کہا تھا کہ ریاست میں گرینڈ الائنس کے تحت این سی پی کو جو سیٹیں ملیں گی، پارٹی اقلیتوں کو اسمبلی انتخابات کے لیے دس فیصد ٹکٹ دے گی۔

دریں اثنا  حیرت انگیز طور پربی جے پی جو شندے حکومت کا حصہ ہے اور اتحاد میں سب سے بڑی پارٹی ہے، نے اس مسئلہ پر تعلیم کے فروغ کی دلیل دی ہے اور فیصلے کو جائز قرار دیا ہے۔ مدرسہ کے اساتذہ کی تنخواہ میں زبردست اضافہ کے بارے میں بی جے پی لیڈر کرٹ سومیا نے کہا کہ ہماری آنے والی نسلوں کو تعلیم دینے والے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ تعلیم اور صحت حکومت کی ذمہ داری ہے۔