مہاراشٹر : عید کے موقع پر شر پسندوں کا مسجد میں حملہ، دھماکے سے مسجد کو نقصان
حالات کشیدہ ، پولیس نےبروقت کارروائی کرتے ہوئےدو ملزمین وجئے رام گوانے اور شری رام اشوک ساگڑے کو گرفتار کر لیا،ملزمیں پر یو اے پی اے کے تحت کاروائی کرنے کا مسلمانوں کا مطالبہ

نئی دہلی ،اورنگ آباد، 30 مارچ:
مہاراشٹر کے بیڑ ضلع میں عید سے ایک روز قبل ایک مسجد میں شر پسندوں نے حملہ کر دیا واردھماکے سے مسجد کو نقصان پہنچایا ، جس سے مسجد کے دروازے، کھڑکیاں، پنکھے اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا، جبکہ ممبر پر رکھی مقدس کتابیں بھی متاثرہوئیں۔ دھماکے کی شدت سے فرش میں دراڑیں پڑ گئیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح گیورائی تعلقہ کے اردھمسلا گاؤں کی مسجد میں پیش آیا، جہاں دو افراد نے مبینہ طور پر جیلیٹن کی چھڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے دھماکہ کیا۔ صبح تقریباً چار بجے ہونے والے اس واقعے کے بعد گاؤں کے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، اور پورے علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور دو ملزمین، وجئے رام گوانے اور شری رام اشوک ساگڑے کو گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران جائے وقوعہ سے مزید دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
ملزمین کے خلاف تلواڑا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 108 درج کی گئی ہے، جس میں بھارتیہ نیائے سہنتا کی دفعات 298، 299، 196، 326(9)، 351(2)، 351(3)، 352، 61(2)، 3(5) کے علاوہ ایکسپلوزیو ایکٹ 1908 کی دفعات 3، 4 اور 5 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تاہم مقامی مسلمانوں نےاس کارروائی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملزمین کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت سخت دفعات شامل کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مکمل دہشت گردانہ کارروائی ہے، لہٰذا ملزمان پر یو اے پی اے کی دفعات 15، 16، 17 اور 18 بھی لگائی جانی چاہیے۔
یہ شکایت سید راشد علی حسین کی جانب سے درج کرائی گئی ہے، جن کے مطابق، دھماکے سے کچھ دیر قبل سید بادشاہ درگاہ سے صندل نکالا جا رہا تھا، جس میں بڑی تعداد میں افراد شریک تھے۔ اسی دوران، ملزمین نے مبینہ طور پر مسلمانوں کو ذات پات کی بنیاد پر گالیاں دیں اور کہا کہ یہاں مسجد کیوں بنائی گئی؟ اگر خود نہیں توڑو گے تو ہم توڑ دیں گے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور مسلم کمیونٹی کے افراد نے پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کیا۔ اطلاع ملتے ہی بیڑ پولیس، بم ڈٹیکشن اسکواڈ اور فرانزک ماہرین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اورنگ آباد ڈویژن کے اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) وریندر مشرا نے بھی دورہ کیا اور عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
پولیس نے گیورائی تحصیل کے رہائشی 22 سالہ وجے رام گواہنے اور 24 سالہ شری رام اشوک ساگڑے کو گرفتار کر لیا۔ ان پر دھماکہ خیز مواد رکھنے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس نے گاؤں میں سیکیورٹی بڑھا دی ہے اور عوام سے افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔