مہاراشٹر حکومت کا خبروں کے مواد کی نگرانی کے لیے میڈیا سینٹر قائم کرنے  کا فیصلہ

10 کروڑ روپے کا بجٹ مختص،سینٹر پرنٹ اور براڈکاسٹ میڈیا میں شائع ہونے والی تمام حقائق پر مبنی اور گمراہ کن خبروں کا تجزیہ کرے گا

نئی دہلی،06 مارچ :۔

مہاراشٹر حکومت پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے خبروں کے مواد کا تجزیہ کرنے کے لیے میڈیا مانیٹرنگ سینٹر قائم کرے گی اور اس کے لیے 10 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ایک حکومتی قرارداد ( جی آر ) کے مطابق، یہ مرکز پرنٹ اور براڈکاسٹ میڈیا میں شائع ہونے والی تمام حقائق پر مبنی اور گمراہ کن خبروں کا تجزیہ کرے گا اور حقائق پر مبنی رپورٹ تیار کرے گا۔رپورٹ کے مطابق تجویز میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی خبر گمراہ کن پائی گئی تو اسی وقت اس کی وضاحت کی جائے گی۔ منفی خبروں پر بھی جلد از جلد وضاحت دی جائے گی۔حکومتی حکم کے مطابق اس سنٹر کی ضرورت پبلیکیشنز، چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے محسوس کی گئی تاکہ ایک ہی سنٹر کے ذریعے سرکاری اسکیموں اور پالیسیوں سے متعلق خبروں کی نگرانی کی جاسکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ سنٹر روزانہ صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک کام کرے گا اور اس کا انتظام ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلسٹی کرے گا۔

جی آر میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے مرکز کے قیام کے لیے انتظامی اور مالیاتی منظوری دے دی ہے۔ پی ڈی ایف فارمیٹ میں حکومت سے متعلقہ خبریں جمع کرنے کے لیے ایک پیشہ ور مشیر مقرر کیا جائے گا۔ ان خبروں کو مثبت، منفی، شعبہ، مسائل، واقعات اور ذاتی جیسی کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا۔

الیکٹرانک میڈیا کے مواد کی نگرانی کے دوران، کنسلٹنٹ خبروں کے مواد کے رجحان، مزاج اور لہجے پر گھنٹے کے حساب سے الرٹ دے گا۔ کنسلٹنٹ کا تقرر ایک سال کی مدت کے لیے ای-ٹینڈر کے عمل کے ذریعے کیا جائے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کنسلٹنٹ کا کام تسلی بخش پایا گیا تو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز ان کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع کا مجاز ہوگا۔ جی آر میں کہا گیا ہے کہ کنسلٹنٹ کی مدت تین سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔