مہاراشٹر: ای وی ایم مشین کی پوجا کرنے پر آزاد امیدوار شانتی گیری مہاراج اور ان کے  ساتھیوں پر مقدمہ

ممبئی ، 21 مئی:۔

ناسک پارلیمانی حلقہ سے آزاد امیدوار شانتی گیری مہاراج اور ان کے چار کارکنوں کے خلاف پولنگ بوتھ پر ای وی ایم کی پوجا کرنے اور پمفلٹ تقسیم کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے چاروں کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے لیکن شانتی گیری مہاراج ابھی تک پکڑے نہیں گئے ہیں۔

ناسک لوک سبھا حلقہ میں لوک سبھا کے پانچویں مرحلے کی ووٹنگ پیر کی صبح 7 بجے شروع ہوئی۔ اس کے بعد اسی علاقے سے ایک آزاد امیدوار شانتی گیری مہاراج کارکنوں کے ساتھ پولنگ بوتھ پہنچے اور ای وی ایم کو پھولوں کی مالا چڑھا کر پوجا کی۔ اس کے بعد مہاراج نے پولنگ اسٹیشن پر ہی اپنا بلتی انتخابی نشان اور پمفلٹ تقسیم کئے۔

الیکشن کمیشن نے اس معاملے کی ویڈیو گرافی کی اور شانتی گیری مہاراج کے چار کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ اس کے بعد امبڈ پولیس اسٹیشن نے انتخابی عہدیداروں کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے چاروں کو گرفتار کرلیا۔ پولس اب انتخابات ختم ہونے کے بعد شانتی گیری مہاراج کو گرفتار کر سکتی ہے۔