مہاراشٹر:ہولی کے موقع پر ہڑ دنگیوں نے مسجد کی دیوار پر لکھا ’شری رام‘ ماحول کشیدہ

مقامی مسلمانوں کے احتجاج کے بعد پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹے کے اندر گرفتاری کا کیا وعدہ

ممبئی ،26مارچ :۔
ہولی کے موقع پر ملک کے متعدد مقامات پر ہڑدنگیوں کے ذریعہ ہنگامہ آرائی کی گئی اور راہگیر مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران مذہبی مقامات پر بھی کچھ شرپسندوں نے رنگ ڈال کر ہنگامہ کرنے کی کوشش کی ۔مہاراشٹرکے بیڈ ضلع میں ایک مسجد کی دیوار پر کچھ شرپسندوں نے ہولی کھیلتے ہوئے جے شری رام لکھے جانے کا معاملہ سامنے آیا، جس سے علاقے میں کشیدگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے یہ بدمعاشی کی ہے ۔ پولیس نے پیر کو اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ناراض لوگوں سے پولیس نے ملزم کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔
واقعہ 25 مارچ کا ہے جب بیڈ واقع مجلگاؤں کے مرکزی مسجد کی دیوار پر کسی شخص نے ’ جےشری رام‘ لکھ دیا۔ جب اس پر مسلم طبقہ کی نظر پڑی تو وہ شدید ناراض ہوئے اور اس سلسلے میں مقامی مسلمانوں نے بڑی تعداد میں پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہو کر کارروائی کا مطالبہ کبم۔ ایس ڈی پی او دھیرج کمار نے پیر کے روز اس سلسلے میں بیان بھی دیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’’آج (25 مارچ) مہاراشٹر کے بیڈ میں ایک مسجد کی دیوار پر ’شری رام‘ نعرہ لکھا تھا۔ اس تعلق سے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ملزمین کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔‘‘


دھیرج کمار کی ایک ویڈیو بھی اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں وہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’شام تقریباً 5 بجے کچھ سماج دشمن عناصر نے مسجد کی دیوار پر شری رام لکھ دیا۔ ہم نے دفعہ 295 (قصداً کسی عبادت والی جگہ کو نقصان پہنچانے یا ناپاک کرنے کے لیے) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ ہم مجرم کا پتہ لگا رہے ہیں۔ ملزم کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا جائے گا۔‘‘