مہاراشٹر:بھگوا غنڈوں کا مسجد پر حملہ ،توڑ پھوڑ کی اور بھگوا جھنڈا لہرایا
سنبھاجی راجے چھتر پتی گروپ کے غنڈوں نے رضا جامع مسجد پر حملہ کر کےمسجد میں توڑ پھوڑ کی اور قرآن کو جلایا, مسلمانوں کے گھروں پر بھی پتھراؤ کیا اور لوٹ مار کی
نئی دہلی ،15 جولائی :۔
محرم کا مہینہ چل رہا ہے،متعدد شہروں میں تعزیہ جلوس نکالنے کی تیاری کی جا رہی ہے اوریوم عاشورہ کے سلسلے میں پولیس انتظامیہ امن و امان کو بر قرار رکھنے کے لئے شہروں اور گاؤں میں گشت کر رہی ہے مگر اس درمیان مہاراشٹر کے کولہا پور میں کچھ بھگوا دھاری غنڈوں نے منصوبہ بند طریقے سے ایک مسجد پر حملہ کیا اور مسجد میں گھس کر توڑ پھوڑ کی ،قرآن اور مذہبی کتابوں کی بے حرمتی کی اور انہیں جلا دیا۔اس دوران یہ بھگوا دھاری غنڈے جے شری رام کا نعرہ بھی لگاتے رہے ۔
رپورٹ کے مطابق معاملہ مہاراشٹر کے کولہا پور میں غزہ پور واقع رضا جامع مسجد پر سنبھاجی چھتر پتی گروپ کے غنڈوں نے منصوبہ بند طریقے سے غیر قانونی قبضہ ہٹاؤ مہم کے تحت مسجد پر حملہ کیا۔توڑ پھوڑ کی اور قرآن سمیت مذہبی کتابوں کو جلا دیا۔یہی نہیں کچھ غنڈوں نے مسجد کی چھت پر چڑھ کر باقاعدہ ہتھوڑے سے مسجد کے گبند کو توڑنے کی کوشش کی اور مسجد پر بھگوا جھنڈا بھی لہرایا۔اس دوران یہ غنڈے اور دہشت گرد مسلسل جے شری رام کے نعرے لگاتے رہے اور مسجد میں رکھے سامان اور چٹائیوں و فرنیچر کو بکھیرتے رہے۔
اس پورے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔جس میں غنڈوں کے ذریعہ کئے جا رہے حملے اور توڑ پھوڑ کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق مسجد پر حملہ کرنے اور توڑ پھوڑ کے بعد یہ غنڈےآس پاس موجود مسلمانوں کے مکانوں کی نشاندہی کی اور ان پر بھی حملہ کیا۔ باہر رکھی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی اور گھروں کی کھڑکیوں پر پتھر بازی کی ۔یہ تمام ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے وہ جے شری رام کے نعرے لگاتے رہے اور اس طرح خوشی مناتے رہے گویا انہوں نے کوئی جنگ فتح کر لی ہو۔گھروں میں گھس کر لوٹ مار بھی کی گئی ۔ اس دوران مکین خوف و ہراس کے عالم میں جنگل میں چھپے رہے۔خواتین بچوں کو لے کر گھر کے باہر جنگل میں بارش کے درمیان چھپی رہیں اور ان غنڈوں کے جانے کا انتظار کرتی رہیں۔