مہاراشٹرا: اورنگزیب کااسٹیٹس پوسٹ کرنے پر ہندوتوا تنظیمیں مشتعل، مسلمانوں کی دکانوں میں توڑ پھوڑ اور پتھراؤ
نئی دہلی ،08جون ۔
مہاراشٹر میں ان دنوں نفرت کا بازار گرم ہے، بنیاد پرست چھوٹی چھوٹی باتوں پر تشدد پر آمادہ ہیں، اکولا کے بعد اب کولہاپور فسادیوں کے نشانے پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق کولہاپور میں مغل شہنشاہ اورنگزیب کی تعریف میں واٹس ایپ اسٹیٹس پوسٹ کرنے سے ہندوتوا تنظیموں کے لوگ مشتعل ہوگئے اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔اسی مطالبے کے ساتھ ہندوشدت پسندوں نے آج کولہاپور بند کی کال دی تھی۔ سینکڑوں کی تعداد میں جمع ہونے والے بھیڑ نے اشتعال انگیز نعرے لگاتے ہوئے مسلمانوں کی دکانوں میں توڑ پھوڑ کی اور پتھراؤ کیا۔
مسلم دکانوں میں توڑ پھوڑ اور مسلم نوجوان کی بھیڑ کے ذریعہ پٹائی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔سماجی کارکن کمندن نے متعد ویڈیو اپنے سوشل میڈیا ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے ۔ کمندن کے مطابق کولہاپور میں کچھ مسلم نوجوانوں کی جانب سے اورنگ زیب اور ٹیپو سلطان کے اسٹیٹس اپ لوڈ کرنے کے بعد فسادات جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔اطلاعات ہیں کہ ہندوتوا تنظیموں کی جانب سے نکالی گئی احتجاجی ریلی کے دوران مسلم بورڈنگ مسجد اور بڑی مسجد پر حملہ کیا گیا۔ جس کے بعد مسلم اکثریتی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
کمندن نے کولہاپور کے ٹاؤن ہال کا ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں فسادیوں کا ہجوم ایک مسلمان پھل فروش کا پیچھا کر رہا ہے اور اس کی پٹائی کر رہا ہے۔ ویڈیو میں کچھ نوجوانوں کو "ٹھوکو ٹھوکو” کے نعرے لگاتے بھی سنا جا سکتا ہے۔
بتا دیں کہ حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس نے شرپسندوں پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے بھی چھوڑے۔ اس وقت علاقے میں امن قائم ہے اور واٹس ایپ اسٹیٹس پوسٹ کرنے والے تین نابالغ نوجوانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔