مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں نوٹا کے فیصد میں اضافہ
(ممبئی) مہاراشٹرا کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں راے دہندگان کے ذریعے نوٹا کے استعمال میں 2014 ء کے انتخابات کے مقابلے میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ 24 اکتوبر کو مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے نتائج کااعلان کیا گیا، جہاں بی جے پی اور شیوسینا اتحاد اپنے اقتدار قائم رکھ سکی ، لیکن بی جے پی اتحادی پارٹیوں کو (23) نشستوں پر نقصان ہوا اور ان پر حریف این سی پی اور کانگریس کو فائدہ ہوا ہے۔ تجزیہ سے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ حالیہ انتخابات میں کئی امیدواروں کو پسند نہ کرنے کا ووٹر کو جو اختیار دیا گیا ہے یعنی NOTA کا 7,42,134 ووٹرس نے استعمال کیا جبکہ 2014 ء کے انتخابات میں یہ تعداد 4,660,741 تھی۔ مجموعی طور پر جملہ راے دہی کا NOTA 1.35 فیصد رہا ہے جبکہ گذشتہ انتخاب میں یہ 0.91 فیصد رہا تھا۔ NOTA کے استعمال کا ووٹرس کو اختیار دیا گیا ہے جو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار ہے۔ دو اسمبلی حلقوں میں ان کی تعداد دوسرے نمبر پر رہی۔ اگرچہ نوٹا کا انتخابی نتائج پر کوئی اثر نہیں ہوا ہے تاہم اہم سیاسی لیڈروں کے لیے یہ امر تشویش ناک ہے۔
مرہٹواڑہ کے لاتور اسمبلی حلقہ میں کانگریس امیدوار دھیرج دیشمکھ نے 1,35,006 ووٹ حاصل کیے جبکہ نوٹا کے ووٹ 27,500 رہے جو دوسرے نمبر پر ہیں۔ دھیرج دیشمکھ آنجہانی چیف منسٹر اورکانگریس کے قد آور لیڈر ولاس راؤ دیشمکھ کے فرزند ہیں جن کا تعلق لاتور سے ہی ہے۔ اس طرح ضلع سانگلی کے پالوس۔ کڈیگاؤں اسمبلی حلقہ میں کانگریس کے نامزد امیدوار وشواجیت کدم نے 1,71,497 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ اس حلقہ میں نوٹا کے ووٹوں کی تعداد 20,631 رہی جو دوسرے نمبر پر ہیں۔ وشواجیت کدم کانگریس کے سینئر قائد آنجہانی پتنگ راؤ کدم کے فرزند ہیں جنھوں نے اپنے طویل سیاسی کیریئر میں اس حلقہ کی ترقی کیلیے بہت کام کیا ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ اس حلقہ میں شیوسینا کے امیدوار سنجے ویبھوتے کو عوام نے یکسر نظرانداز کردیا جو 8,976 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ ناگپور جنوبی مغربی اہم اسمبلی حلقہ ہے جہاں سے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کانگریس امیدوار کو شکست دیکر دوبارہ کامیابی حاصل کی ہے تاہم اس اہم حلقہ میں بھی 3,064 ووٹرس نے نوٹا کا استعمال کیا۔ ممبئی کے ورلی اسمبلی حلقہ سے شیوسینا کے امیدوار آدتیہ ٹھاکرے نے پہلی مرتبہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے تاہم اس حلقہ میں بھی 6305 ووٹرس نے نوٹا کا استعمال کیا۔