’مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ ‘
چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن کے بچوں نے دس لاکھ شجر کاری مہم کا آغاز کیا

نئی دہلی26جون :۔
چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن نے ملک بھر میں ایک ماحولیاتی مہم کا آغاز کیا ہے جس کا نعرہ ہے ’ مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ ‘۔ اس مہم کا بڑا مقصد یہ ہے کہ 25 جون سے 26 جولائی 2025 کے درمیان ملک بھر میں بچے ایک ملین (دس لاکھ) درخت لگائیں اور ان کی دیکھ بھال کریں۔جماعت اسلامی ہند کے مرکزی دفتر میں منعقد ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی آئی او کے طلبہ رملہ ، سید نابغ اذہان حسینی اور محمد حمید نے کہا کہ
چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن چوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اسلامی اقدار پر مبنی ایک قومی پلیٹ فارم ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ فطرت سے محبت کی تعلیم بچپن سے شروع ہونی چاہیے اور جب بچوں کی صحیح رہنمائی کی جائے تو وہ دنیا کو بدل سکتے ہیں۔ یہ مہم بچوں میں فطرت کے لیے محبت، ذمہ داری اور ان کے تحفظ کا جذبہ بیدار کرنے کے لیے ہے تاکہ شجرکاری کو ایک خوشی آئند اور بامقصد قومی خدمت بنایا جا سکے۔
رملہ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے مقاصد بالکل واضح ہیں۔ہماری زمین لگاتار گرم ہوتی جا رہی ہے، درخت دن بہ دن کم ہوتے جا رہے ہیں اور ہوا کا معیار گرتا جا رہا ہے۔ جنگلات ختم ہو رہے ہیں اور ان کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف ہماری جد و جہد بھی بڑھ رہی ہے۔ سی آئی او کا ماننا ہے کہ بچے اس رجحان کو پلٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جب بچہ ایک درخت لگاتا اور اس کی پرورش کرتا ہے تو وہ نہ صرف زمین کا تحفظ کر رہا ہوتا ہے بلکہ اپنی حفاظت بھی کرتا ہے اور ذمہ داری اور ہمدردی جیسے اعلیٰ اخلاقی اقدار بھی سیکھتا ہے۔
مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے سید نابغ اذہان حسینی نے کہا کہ اس مہم کے تحت بچے اسکولوں، مدرسوں، مساجد، پارکوں اور اپنے گھروں کے سامنے درخت لگائیں گے۔ ہر بچے کو ترغیب دی جائے گی کہ وہ اپنے درخت کو ایک نام دے، اسے دوست کی طرح سمجھے اور اس کی دیکھ بھال کرے۔وہ اپنے احساسات کو ڈرائنگ، کرافٹ، شاعری وغیرہ کے ذریعے محفوظ کرے۔ اس مہم کے ساتھ مختلف سرگرمیاں ہوں گی جیسے گرین پلج تقاریب، جمعے کے خطبات میں ماحولیات کے تحفظ کی بات، نیچر واکس ، فنون، شاعری، قصہ گوئی کے مقابلےوغیرہ تاکہ اس مہم کو بامعنی، تعلیمی اور دلچسپ بنایا جا سکے۔ بچوں کو شجر کاری سے متعلق اپنی کاوشوں کو سوشل میڈیا پرمختصر ویڈیوز اور رِیلز بنانے کی دعوت بھی دی جائے گی۔حکومتی اداروں سے تعاون اور مہم کے نعروں پر گفتگو کرتے ہوئے محمد حمید نے کہا کہ
پروگرام کے دوران شرکت کرتے ہوئے بچے
اس مہم کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن حکومت کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر صحت مند پودے فراہم کرنے، مناسب مقامات کی نشاندہی، پودوں اور جانوروں سے متعلق تعلیمی مواد مہیا کرنے اور زرخیز علاقوں کے تحفظ کے لیے کام کر رہا ہے۔ سی آئی او اس کو یقینی بنائے گا کہ بچوں کو صحیح رہنمائی ملے اور لگائے گئے درخت زندہ رہیں اور پھلے پھولیں۔شجر کاری مہم کو مزید پرجوش اور متاثر کن بنانے کے لیے چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن نے کچھ نعرے بھی جاری کئے ہیں جو پوری مہم کے دوران اسکولوں، گھروں اور عوامی مقامات پر گونجیں گے۔
’جہاں ہر بچہ ایک درخت لگائے، وہاں ہریالی سے بھرپور دنیا اگ آئے ‘
’جب ایک پتہ مسکائے گا ، ہر دن ہرا بھرا ہو جائے گا‘
چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن کے بچوں نے تمام طلبہ، اساتذہ، والدین، اسکول منتظمین اور مذہبی رہنماوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں سرگرم حصہ لیں۔
آئیے ہم ایک ایسی نسل تشکیل کریں جو محبت کو عمل میں بدل دے۔ بنیں درختوں کے ہیرو، بنیں سبز سفیر۔ ہم میڈیا، ماہرینِ تعلیم، سول سوسائٹی اور ماحولیاتی اداروں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس مہم کو عام کریں اور اس کی حمایت کریں۔ آئیے ہم کوشش کریں کہ یہ مہم اعداد و شمار سے آگے بڑھ کر بچوں کی قیادت میں زمین کے تحفظ کا ایک مشن بن جائے۔ ذرا تصور کریں اگر بچے ایک ایک درخت لگائیں اور اس کی پرورش کریں تو ہمارے پاس ایک ملین نئے درخت ہوں گے جو ہمارے ملک کو ہرا بھرا بنائیں گے اور ہمارے مستقبل کو محفوظ کریں گے۔ درخت لگائیں، زمین کا تحفظ کریں اور فخر محسوس کریں۔