مودی ہمیشہ کے لیے اقتدار میں نہیں رہیں گے
جموں و کشمیر کے ہونے والے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا آرٹیکل 370 کی بحالی پر اظہار خیال،کبھی تو حکومت بدلے گی
نئی دہلی ،12 اکتوبر :۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے بعد حکومت سازی کی کوششیں جاری ہیں ۔ باگ ڈور اب جلد عمر عبد اللہ سنبھالنے والے ہیں ۔انہوں نے حالیہ دنوں میں بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہُ میں نے ہمیشہ کہا ہے، پچھلے پانچ سالوں سے میں کہتا آیا ہوں کہ یہ امید کرنا کہ جن لوگوں نے ہم سے آرٹیکل 370 چھینا، وہ لوگ ہمیں اسے واپس دے دیں گے یہ تو بیوقوفی ہے۔‘’ملک میں کبھی نہ کبھی تو حکومت بدلے گی، کبھی نہ کبھی تو ایک نئی حکومت آئے گی اور ایسی حکومت آئے گی جس کے ساتھ بیٹھ کر ہم کم سے کم بات کر پائیں گے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی کی حکومت نے اگست 2019 میں انڈین آئین سے آرٹیکل 370 کا حذف کردیا تھا جس کے تحت کشمیر کو نیم خودمختار حیثیت اور خصوصی اختیارات حاصل تھے۔اس شق کے خاتمے کے بعد بھارت کے تمام مرکزی قوانین ریاستی اسمبلی کی منظوری کے بغیر کشمیر میں نافذ ہوگئے تھے۔
عمر عبداللہ ملک میں وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’یہ ہمیشہ کے لیے تو اقتدار میں نہیں رہیں گے، یہ تو بی جے پی والے بھی مانتے ہیں کہ وہ ہمیشہ کے لیے حکومت میں نہیں رہیں گے۔ کبھی نہ کبھی تو انھوں نے ہارنا ہوگا؟‘ بی جے پی نے جموں کے علاقے میں 29 نشستیں جیتی ہیں، جبکہ 90 اراکین پر مشتمل اسمبلی میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے پاس 48 نشستیں ہیں۔لیکن عمر عبداللہ کہتے ہیں کہ ’یہ وہ اسمبلی نہیں ہے جس کا ہمیں حق ہے، یہ عارضی اسمبلی ہے اور اس اسمبلی کے ذریعے ہم اس اسمبلی تک پہنچیں گے جس کا وعدہ ہم سے اس ملک کے وزیرِ اعظم نے ہمارے ساتھ کیا ہے۔