مودی کے آدھے دن کے سعودی کےدورے پرکروڑوں روپے ہوئے خرچ
آدھے دن میں 15.54کروڑ روپے خرچ ہوئے ،صرف ہوٹل کا بل 10کروڑ کا ،آر ٹی آئی میں حیران کن انکشاف

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی،31 اگست :۔
وزیر اعظم نریندر مودی کا بیرون ملک دورہ کا معاملہ اکثر موضوع بحث ہوتا ہے کبھی ایوان کی کارروائی کے دوران بیرون ملک دورے پر سوال کھڑے کئے جاتے ہیں تو کبھی بیرون ملک دوروں پر ہوئے خرچ موضوع بحث بنتے ہیں ۔اسی سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ اپریل میں کئے گئے آدھے دن کا دورہ موضوع بحث ہے ،در اصل اس آدھے دن کے دورے میں جس قدر روپے خرچ ہوئے ہیں وہ حیران کن ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے 22-23 اپریل 2025 کے دوران سعودی عرب کے دورے پر حکومت نے کل 15,54,03,792.47 روپے (پندرہ کروڑ 54 لاکھ تین ہزار سات سو بانوے روپے) خرچ کیے ہیں۔اس سے بھی زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ اس کل رقم میں سے 10 کروڑ 26 لاکھ 39 ہزار 658 روپے صرف ہوٹل کے بل کے نام پر خرچ کیے گئے ہیں۔
دی وائر کی رپورت کے مطابق یہ معلومات ایک آر ٹی آئی کے جواب میں سامنے آئی ہے، جسے آر ٹی آئی کارکن اجے باسودیو بوس نے دائر کیا تھا۔ جدہ (سعودی عرب) میں ہندوستانی قونصل خانے سے موصولہ جانکاری نے سرکاری اخراجات پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
وزیر اعظم کا سعودی عرب کا دورہ اصل میں دو دن یعنی 22 اپریل اور 23 اپریل کا تھا، لیکن جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے انہیں اپنا دورہ بیچ میں ہی ختم کرنا پڑا تھا۔گزشتہ22 اپریل کی رات 11 بجے خبر آگئی تھی کہ پی ایم مودی واپس آرہے ہیں۔ سعودی عرب میں سرکاری عشائیہ میں شرکت کرنے کے بجائے مودی نے واپس آنے کا فیصلہ کیا اور صبح ہوتے ہی دہلی پہنچ گئے ۔اگر پہلگام دہشت گردانہ حملہ نہ ہوا ہوتا تو مودی 23 اپریل کو پورا دن سعودی عرب میں رہتے۔
آر ٹی آئی کے جواب میں دیے گئے اخراجات کا بریک-اپ تشویشناک تصویر پیش کرتا ہے۔ 15.54 کروڑ روپے کے کل اخراجات میں سے ہوٹل کے بل کا حصہ تقریباً 66 فیصد ہے جبکہ ٹرانسپورٹیشن پر 4 کروڑ 5 لاکھ 79 ہزار 930 روپے خرچ ہوئے ہیں۔ہوٹل کے اخراجات اور ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کو کل سفری اخراجات سے نکالیں تو 1 کروڑ 21 لاکھ 86 ہزار 202 روپے کی بچت ہوتی ہے۔ لیکن آر ٹی آئی کے جواب میں اس کی تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔