مودی حکومت آر ٹی آئی قانون کو پوری طرح تباہ کر رہی ہے
انڈیا اتحادی جماعتوں کی مشترکہ پریس کانفرنس ،مودی حکومت کے اقدامات پر سخت تنقید

نئی دہلی،12 اپریل :۔
انڈیا اتحاد نے پریس کلب آف انڈیا، دہلی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ‘ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن’ پر بات کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مودی حکومت حق اطلاعات (آر ٹی آئی) ایکٹ کو مکمل طور پر تباہ کرنے میں مصروف ہے اور اب عوام کو ضروری معلومات نہیں مل سکیں گی۔
انڈیا اتحاد نے ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن (ڈی پی ڈی پی) ایکٹ کے سیکشن 44(3) کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معلومات کے حق (آر ٹی آئی) ایکٹ کو کمزور کرتا ہے۔
اس معاملے پر انڈیا الائنس نے پریس کلب آف انڈیا میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی اور اپنے مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دراوڑ منیترا کشگم (ڈی ایم کے) کے رہنما ایم ایم عبداللہ، شیو سینا رہنما پرینکا چترویدی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما جان برٹاس، سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رہنما جاوید علی خان اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما نو ل کشور نے پریس کانفرنس میں شرکت کی۔
کانگریس کے رہنما گورو گوگوئی نے یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ‘ انڈیا’ اتحاد کی جزوی جماعتوں کے 120 سے زیادہ اراکین پارلیمنٹ بشمول لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اس دفعہ کو منسوخ کرنے کے لیے ایک مشترکہ میمورنڈم پر دستخط کیے ہیں اور اسے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو کو پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ڈیٹا پروٹیکشن بل نے آر ٹی آئی ایکٹ کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ایسی معلومات آر ٹی آئی میں مانگی جاتی ہے جس کا مفاد عامہ سے کوئی تعلق نہیں ہے تو اس کا جواب دینا لازمی نہیں ہے۔کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ بہار میں گرنے والے پلوں کے ٹنڈر کس ٹھیکیدار کو افسران نے دیے تھے، تو اس ایکٹ کے ذریعے آپ سے معلومات اور علم کا حق چھین لیا گیا ہے۔
سول سوسائٹی گروپس اور ڈیجیٹل حقوق کے کارکنوں نے شہریوں کے حقوق اور آزادی صحافت پر اس کے اثرات کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شیوسینا لیڈر پرینکا چترویدی نے پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم آج بہت اہم ہیں، لیکن حکومت جس طرح محاصرے کی تیاری کر رہی ہے، اس سے تحقیقاتی صحافت کو کافی نقصان پہنچے گا۔
پرینکا نے کہا، مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ ملک کا براڈکاسٹ میڈیا تباہ ہو گیا ہے۔ اب وہ ریڑھ کی ہڈی سے محروم ہو چکا ہے۔ حکومت اب آر ٹی آئی قانون کو مکمل طور پر تباہ کرنے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی کئی دفعات لے کر آئی ہے جس کے تحت عوام کو کوئی معلومات نہیں مل سکیں گی۔ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے۔ جب 2019 اور 2021 میں ان بلوں کو متعارف کرانے کی کوشش کی گئی تو ان میں یہ دفعات موجود نہیں تھیں لیکن جب 2023 میں من مانی طور پر بل پیش کیا گیا تو پھر ان دفعات کو شامل کر دیا گیا۔
سی پی آئی (ایم) کے ایم پی جان برٹاس نے حکومت پر یکطرفہ طور پر کام کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا، "مودی حکومت نے آر ٹی آئی ایکٹ کو ایک ہی جھٹکے میں ختم کر دیا ہے۔ اس کے پریس کی آزادی کے لیے دور رس نتائج ہوں گے۔ میں اپنے میڈیا ساتھیوں سے 2019 کی جے پی سی رپورٹ پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کرتا ہوں – بہت سی موجودہ دفعات اس کی سفارشات کے خلاف ہیں۔
سماج وادی پارٹی کے جاوید خان نے کہا، "2019 کی ترامیم نے پہلے ہی آر ٹی آئی ایکٹ کو کمزور کر دیا ہے۔ اب، اس نئے قانون کے ساتھ، حکومت عوام کے لیے دستیاب شفافیت کے باقی ماندہ میکانزم کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
(بشکریہ :انڈیا ٹو مارو)