منی پور :چرچ کے نمائندوں کا منی پور میں تشدد زدہ علاقوں کا دورہ  

کیتھولک بشپس کانفرنس آف انڈیا (سی بی سی آئی) نے ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے مستقبل پر تشویش کا اظہار کیا

نئی دہلی ،26جولائی :۔

منی پور میں جاری ڈھائی ماہ سے تشدد کا سلسلہ اب بھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے ۔کوکی خواتین کے ساتھ بہیمانہ واقعہ کے ویڈیو کے بعد دنیا بھر کی نظریں منی پور کی طرف گئی ہیں ۔میڈیا میں تشدد اور آتشزدگی کے واقعات سامنے آئی ہیں جس نے ملک کے ہر طبقہ کو پریشان کر دیا ہے ۔اس سلسلے میں  کیتھولک بشپس کانفرنس آف انڈیا (سی بی سی آئی) کی ایک ٹیم نے صدر آرچ بشپ اینڈریوز تھازتھ کی قیادت میں پیر کو منی پور کے تشدد سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔ ٹیم نے "ہر قسم کے تشدد، مظالم اور عیسائی اداروں، عبادت گاہوں اور معاشرے کے کمزور طبقات جیسے خواتین اور بچوں پر حملوں کی مذمت کی۔

جاری کردہ ایک بیان میں، سی بی سی آئی نے کہا، "ہم تشدد کو روکنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی اور بے حسی پر  فکر مند ہیں۔ منی پور میں طویل تشدد کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، چرچ کے رہنماؤں نے اپیل کی ہے کہ، "گورننس کو ہمارے ملک کے سیکولر تانے بانے کو برقرار رکھنا چاہیے، آئینی اقدار کو مضبوط بنانا چاہیے اور متنوع برادریوں کا احترام کرنا چاہیے۔ ان کے لیے پرامن بقائے باہمی کا ماحول پیدا کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے اس کیس سے متعلقہ تمام لوگوں سے اپیل کی کہ "ہندوستان اور خاص طور پر ریاست منی پور میں امن اور ہم آہنگی لانے کے لیے بات چیت کے عمل میں شامل ہوں اور تمام طبقات کی ترقی پر توجہ دیں۔

ٹیم نے کاکچنگ، سوگنو ایریا، پکھو، کاچی پور، سنمگائی پرو وغیرہ کا دورہ کیا اور راستے میں مختلف مقامات پر نجی مکانات، گرجا گھروں، عبادت گاہوں، اسکولوں اور اداروں کی بڑے پیمانے پر تباہی سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔

سی بی سی آئی کی ٹیم نے انڈور اسٹیڈیم، کاکچنگ میں ریلیف کیمپ میں بے گھر لوگوں میں امدادی سامان تقسیم کیا اور پکھو میں ایک میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا جہاں 1000 سے زیادہ خاندان قیام پذیر ہیں  ۔ چرچ کے رہنماؤں نے رپورٹ کیا کہ، "ان کے گھروں اور املاک کو مکمل طور پر تباہ اور لوٹ لیا گیا تھا۔ کوکی زو، ناگا،   میتئی اور دیگر سمیت تمام کمیونٹیز کو تعلیمی ،سماجی اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے   سینٹ جوزف ہائیر سیکنڈری اسکول اور پیرش پر حملہ کر کے راکھ مین تبدیل کر دیا گیا ہے ۔

ٹیم کے بیان کے مطابق، کانچی پورم میں کیتھولک اسکول کے احاطے میں واقع ہولی ریڈیمر چرچ اور ریجنل پاسٹرل ٹریننگ سینٹر اور سنگائیپرو میں سینٹ پال پیرش کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔

ٹیم کے ارکان کا کہنا تھا کہ ’’یہ جگہیں ویران لگتی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ مستقبل قریب میں باہمی عدم اعتماد اور خوف کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہاں آباد ہونا ممکن نہیں ہوگا۔‘‘

چرچ کے سینئر لیڈروں نے کہا، "ہم ان تمام برے حالات کے درمیان ان لوگوں کی حقیقی حالت اور ان کے بچوں کے مستقبل کے بارے میں یکساں طور پر فکر مند ہیں۔مکمل طور پر تباہ شدہ اسکولوں اور ہاسٹلوں میں سے کچھ کا دورہ کرنے کے بعد، چرچ کے حکام نے کہا، "ہم بچوں کی پریشانیوں اور تکلیفوں کو واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں اور اس وقت ہمارے پاس کوئی جواب نہیں ہے کہ ہم  کمیونیٹیز اور اداروں کو بہتر کیسے بنا سکتے ہیں۔

سی بی سی آئی  کے تحت کیریٹاس انڈیا،کیتھوللک ریلیف سروسز اور کے آرچڈیوز کی سوشل سروس ونگ ڈایوسیسن سوشل سروس سوسائٹی کی حمایت سے منی پور کے تمام علاقوں میں تشدد کے متاثرین کو راحت اور امداد فراہم کررہا ہے ۔

آرچ بشپ ڈومینک لومن، امپھال کے آرچڈیوسیز، فادر جروس ڈیسوزا، ڈپٹی سکریٹری جنرل، سی بی سی آئی، اور فادر ڈاکٹر پال مونجیلی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، کیریٹاس انڈیا اس ٹیم کا حصہ تھے جنہوں نے منی پور کے تنازعات سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔