منی پور میں تشدد کا سلسلہ جاری ،مسلسل فائرنگ میں 5 افراد ہلاک

نئی دہلی،یکم ستمبر :۔

مرکزی حکومت کے لاکھ  امن بحالی کے دعوؤں کے باجود منی پور میں تشدد ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔آئے دن کوکی میتی برادریوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے ۔تازہ معاملہ میں ایک بار پھر مسلسل فائرنگ کے واقعات میں متعدد جانیں چلی گئیں۔  منی پور میں جاری فسادات کے درمیان بشنو پور اور چورا چند پور اضلاع میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران کوکی اور میتی کے درمیان مسلسل فائرنگ کی وجہ سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 18 دیگر زخمی ہو گئے۔ دی پرنٹ کے مطابق حکام نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔معلومات دیتے ہوئے ایک اہلکار نے بتایا کہ بشنو پور ضلع کے کھوئیرینتک کے دامن میں اور چورا چند پور ضلع کے چنگفی اور کھوسا بنگ علاقوں میں ابھی بھی دو گروپوں کے درمیان فائرنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد 29 اگست کو اس وقت شروع ہوا جب کھویرانتک علاقے میں 30 سال کی عمر کے ایک گاؤں کے رضاکار کی شدید فائرنگ کے بعد موت ہو گئی۔دریں اثنا، انڈیجینس ٹرائبل لیڈرس فورم (آئی ٹی ایل ایف) نے فوری اثر سے چورا چند پور میں ہنگامی بند کی کال دی ہے۔ آئی ٹی ایل ایف کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ضروری خدمات بشمول پانی اور طبی سامان کو شٹ ڈاؤن کے دائرہ کار سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔