منی پور مہینوں سے جل رہا ہے اور پی ایم پارلیمنٹ میں ہنس رہے تھے:راہل

نئی دہلی ،11اگست :۔

کانگریس رہنما راہل گاندھی منی پور کے مسئلے پر مسلسل مودی حکومت پر نشانہ بنا رہے ہیں ۔ایوان میں وزیر اعظم کے ذریعہ کی گئی تقریر پر آج راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کے دوران تنقید کی ۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ایم منی پور کو جلانا چاہتے تھے اور آگ بجھانا نہیں چاہتے۔ راہل گاندھی کا یہ جواب پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر پی ایم مودی کے جواب کے ایک دن بعد آیا ہے۔ راہل گاندھی نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔راہل گاندھی نے کہا کہ میں نے منی پور میں جو دیکھا اور سنا ہے، میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔میں نے پارلیمنٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نے منی پور میں ہندوستان کو مارا ہے۔یہ خالی میرے الفاظ نہیں تھے۔

جمعہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ جب وہ منی پور گئے تھے تو انہیں کہا گیا تھا کہ کوکی سیکورٹی اہلکاروں کو میتی کے علاقے میں نہ لے جائیں اور میتی سیکورٹی اہلکاروں کو کوکی کے علاقے میں نہ لے جائیں۔ راہل نے کہا کہ انہیں واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ اگر ایک دوسرے کی برادری کے سیکورٹی اہلکار انہیں ایک دوسرے کے علاقے میں لے جائیں گے تو انہیں گولی مار دی جائے گی۔ یہی حال منی پور کا ہے۔

راہل نے کہا کہ کل وزیر اعظم مودی نے ایوان میں دو گھنٹے سے زیادہ بات کی، لیکن انہوں نے منی پور کے معاملے پر صرف دو منٹ کی بات کی، اور باقی دو گھنٹے تک ایوان میں ہنسی مذا ق اور ٹھہاکے لگاتے رہے ۔ منی پور ایک سنگین مسئلہ ہے۔ وہاں لوگ مارے جا رہے ہیں۔ ہر روز آتش زنی ہو رہی ہے۔ بچے مارے جا رہے ہیں۔ خواتین کی عصمت دری ہو رہی ہے اور پارلیمنٹ میں اس معاملے پر کوئی سنجیدہ بحث نہیں ہو رہی ہے۔ یہ دکھ کی بات ہے۔

پی ایم مودی کی پارلیمنٹ کی تقریر پر طنز کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، "کل جب میں نے وزیر اعظم کو پارلیمنٹ میں ہنستے اور مذاق کرتے دیکھا تو مجھے سمجھ نہیں آیا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم اس طرح کیسے بول سکتے ہیں؟”

راہل نے آگے کہا”کیا وزیراعظم کو نہیں معلوم کہ ہمارے ملک میں کیا ہو رہا ہے؟ اگر وہ منی پور نہیں جا سکتے تو کم از کم اس کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ ہندوستانی فوج اس کو 2 دن میں روک سکتی ہے لیکن وزیر اعظم منی پور کو جلانا چاہتے ہیں اور آگ بجھانا نہیں چاہتے”۔

راہل گاندھی نے مزید کہا، "کل وزیر اعظم نے 2 گھنٹے 13 منٹ کی تقریر کی، اس میں سے انہوں نے صرف 2 منٹ منی پور کے بارے میں بات کی۔ منی پور میں مہینوں سے آگ لگی ہوئی ہے، لوگ مارے جا رہے ہیں، عصمت دری ہو رہی ہے، بچے مارے جا رہے ہیں اور وزیر اعظم ہنستے ہوئے بول رہے تھے، مذاق کر رہے تھے، یہ ہندوستان کے وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتا۔