ممبئی: مسلم پڑوسیوں کو پھنسانے کے لیے ‘پی ایف آئی  زندہ باد’ کی پرچی لگانے پر ہندو شخص گرفتار

نئی دہلی ،یکم جولائی :۔

مہاراشٹر میں کچھ شدت پسندہندوؤں کے ذریعہ مسلمانوں کو غیر قانونی سر گرمیوں میں پھنسانے کی سازش  کا انکشاف ہوا ہے ۔عید الضحیٰ کے موقع پر عید گاہ کے بارہ ’آئی لو پاکستان ‘ تحریر غبارے بیچنے کے الزام میں پولیس نے اجے نامی شخص کو گرفتار کیا تھا ۔ایک اور تازہ معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ہندو پڑوسیوں نے مسلمانوں کو پھنسانے کے لئے پی ایف آئی کا نوٹ لگا یا تاکہ پولیس پی ایف آئی حامی ہونے کے  الزام میں مسلم خاندان کو پریشان کرے ۔

ممبئی پولیس نے  اس معاملے میں  گزشتہ دنوں  ایک 68 سالہ ہندو شخص کو اپنے مسلمان پڑوسیوں کو پھنسانے کے لیے فلیٹوں کے باہر "پی ایف آئی  زندہ باد” لکھے  نوٹ لگانے پر گرفتار کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا ایک مسلم تنظیم ہے جس پر ستمبر میں یو اے پی اے کے تحت پانچ سال کے لیے پابندی لگا دی گئی تھی۔ اس پابندی کے بعد سیکڑوں مسلمان مردوں کو انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا۔

23 جون کو، نیو پنویل کے سیکٹر 19 میں نیل آنگن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشیوں نے ہاتھ سے لکھے ہوئے نوٹوں کو دیکھا جس میں پی ایف آئی زندہ باد لکھا تھا، کچھ فلیٹوں کے دروازے کی گھنٹی  کے قریب اسے پھنسایا گیا تھا۔ملزم کی شناخت ایکناتھ کاوڑے کے طور پر ہوئی ہے۔ کاوڑے ہاؤسنگ سوسائٹی کے سکریٹری ہیں۔

نئی ممبئی میں کھنڈیشور پولیس نے الزام لگایا کہ کاوڑے نے فلیٹ مالکان کے ساتھ جھگڑے کے بعد کچھ فلیٹوں کے باہر یہ نوٹ لگائے۔ فلیٹ کے مالکان میں سے ایک ہندو نے یہ مکان ایک مسلمان خاندان کو کرائے پر دیا تھا اور کاوڑے انہیں پھنسانا چاہتا تھا۔

اسکرول کی خبر کے مطابق، کاوڑے کو تعزیرات ہند کی دفعہ 153 کے تحت (فساد پھیلانے کے ارادے سے اشتعال انگیزی ) 28 جون کو گرفتار کیا گیا۔پولیس انسپکٹر چندرکانت لانڈگے نے کہا، ’’اس نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کاوڑے نے پہلے پولیس کو بتایا تھا کہ یہ نوٹ مسلمانوں کے گھر والوں یا ان کے گھر آنے والوں نے دروازے پر رکھے ہوں گے۔

پولیس نے عمارت کی دوسری منزل اور چھت سے سی سی ٹی وی فوٹیج کی چھان بین کی، اور کاوڑے کو چھت پر متعدد  مرتبہ آتے جاتے  ہوئے دیکھا۔ پولیس نے کاوڑے سے اس کی "مشتبہ حرکات” کے بارے میں پوچھ گچھ کی، جس کے بعد اس نے اپنی حرکتوں کا اعتراف  کر لیا۔