ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی مسلمان نے کابینہ وزیر کے طور پر حلف نہیں لیا
۔70سے زائد کابینہ وزرا پر مشتمل این ڈی اے کی مرکزی حکومت میں ایک بھی مسلم وزیر نہیں
نئی دہلی ،10 جون :۔
بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے نے اکثریت حاصل کرنے کے بعد مرکز میں اقتدار سنبھال لیا ہے۔نریندر مودی نے تیسری مرتبہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا ہے ۔ حالیہ کابینہ میں گزشتہ روز وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ 70 سے زائد وزرا نے مختلف وزارتوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ مگرآزاد ہندوستان میں یہ پہلا موقع ہے کہ عام انتخابات کے بعد کسی مسلمان نے مرکزی وزیر کے طور پر حلف نہیں لیا۔
دو سال قبل 2022 میں بی جے پی کے مختار عباس نقوی کےراجیہ سبھا کے لیے دوبارہ منتخب نہ ہونے کے بعد نریندر مودی کی زیرقیادت سبکدوش ہونے والی وزراء کی کونسل میں کوئی مسلم وزیر نہیں ہے۔ آزاد ہندوستان میں ہر عام انتخابات کے بعد حلف اٹھانے والے وزراء کی سابقہ کونسلوں میں کم از کم ایک مسلم ایم پی ہوتا تھا۔
2014 میں جب پی ایم نریندر مودی نے پہلی بار حلف لیا تو نجمہ ہپت اللہ نے حلف لیا اور انہیں اقلیتی امور کا وزیر بنایا گیا۔ 2019 میں، نقوی نے حلف لیا اور وہ بھی اقلیتی امور کے وزیر بن گئے۔
1999 میں اٹل بہاری واجپئی کی حکومت میں وزراء کی کونسل میں دو مسلمان تھے – شاہنواز حسین اور عمر عبداللہ۔ 1998 میں، واجپئی کی قیادت والی وزارت میں نقوی کو وزیر مملکت بنایا گیا تھا۔2004 اور 2009 میں کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومتوں میں وزراء کی کونسل میں بالترتیب چار اور پانچ مسلم ممبران پارلیمنٹ تھے۔
اس بار، این ڈی اے کے اتحادیوں کی طرف سے کوئی بھی مسلم امیدوار 18ویں لوک سبھا کے لیے منتخب نہیں ہوا، حالانکہ کیرالہ کے ملاپورم حلقے میں بی جے پی کے ٹکٹ پر صرف ایک مسلم امیدوار نے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ بہار کے کشن گنج میں این ڈی اے کے ساتھی جے ڈی (یو) نے ایک مسلمان کو میدان میں اتارا، لیکن کانگریس امیدوار کے خلاف جیتنے میں ناکام رہا۔
18 ویں لوک سبھا میں صرف 24 مسلم ممبران پارلیمنٹ ہیں: 21 انڈیا اتحاد سے، ایک اسد الدین اویسی AIMIM کے، اور آزاد ممبران پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ یا ‘انجینئر رشید’ اور محمد حنیفہ جموں و کشمیر سے ہیں۔
اس بار حکمراں این ڈی اے کے پاس 293 ممبران پارلیمنٹ کی فہرست میں کوئی سکھ یا عیسائی رکن پارلیمنٹ نہیں ہے۔ تاہم، غیر منتخب عیسائی اور سکھ رہنماؤں کو مرکزی وزارت میں شامل کیا گیا۔ مگر مسلمان کو چھوڑ دیا گیا۔
واضح رہے کہ ہندو قوم پرست بی جے پی کی انتخابی مہم بھارت کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت مسلمانوں کے خلاف نفرت اور نسل کشی پر مبنی تبصروں سے بھری پڑی تھی ، خود نریندر مودی نے سو سے زیادہ نفرت انگیز تقاریر کیں۔