ملک جسمانی طور پر 47 میں آزاد ہوا مگرروحانی طور پر22 جنوری2024’ کو آزادی ملی
مودی حکومت کی کابینہ نے اپنے رہنما اور وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا،ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کو روح کی آزادی سے تعبیر کیا
نئی دہلی ،26 جنوری :۔
آج یوم جمہوریہ ہے اور آج ہی کے دن 75 سال قبل ملک کو نیا آئین ملاجس کے بعد ملک پوری دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط جمہوری ملک کے طور پر نمودار ہوا ۔وہیں ملک کو آزادی 15 اگست 1947 کو ملی مگر آج بھی بہت سوں کو لگتا ہے کہ 2014 کو بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد آزادی ملی ہے۔
ایک بار پھر حقیقی اور روحانی آزادی کا ذکر کرتے ہوئے مودی حکومت کی کابینہ نے ایک قرارداد منظور کی ہے ۔جس میں کہا گیا کہ سن 1947 میں تو ‘ملک کے جسم کو آزادی ملی’ تھی جبکہ بھارتی ‘روح’ کو 22 جنوری کو رام مندر کے افتتاح کے بعد آزادی ملی، جس سے روحانی سکون کا احساس ہوا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ نے ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر تعمیر ہونے والے رام مندر کے افتتاح کے بعد انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک قرارداد منظور کی ہے، جس میں اس عظیم کارنامے کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔
مرکزی کابینہ نے بدھ کو یہ قرارداد منظور کی، جس میں کہا گیا ہے کہ سن 1947 میں تو محض ”ملک کے جسم کو آزادی ملی تھی” تاہم ”اس کی روح کی پران پرتیشٹھا تو 22 جنوری سن 2024” کو ہوئی اور ”ہر ایک شخص نے اس سے روحانی سکون و اطمینان محسوس کیا۔
کابینہ کی جانب سے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے یہ قرارداد پڑھ کر سنائی اور اس اجلاس کو ”تاریخی۔۔۔ قرار دیتے ہوئے اسے ملینیئم کابینہ” قرار دیا گیا۔ اس قرارداد میں مزید کہا گیا کہ نریندر مودی نے ”صدیوں پرانے خواب کو پورا کر دیا ہے۔” ایک وہ خواب جسے، ”بھارتی تہذیب پانچ صدیوں سے دیکھتی رہی تھی۔
قرارداد میں مودی کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا گیا: ”لوگوں سے آپ کو جو پیار ملا ہے اس نے آپ کو عوام کے ایک ہیرو کے طور پر قائم کر دیا۔ تاہم نئے دور کے آغاز کے بعد، آپ نئے دور کے سرخیل کے طور پر بھی ابھر کر سامنے آئے ہیں۔”
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انو راگ ٹھاکر نے کہا ” آزاد بھارت میں رام جنم بھومی تحریک واحد ایسی تحریک تھی جس نے سب کو جمع کیا۔ کروڑوں بھارتی جذباتی طور پر اس تحریک سے وابستہ تھے اور اس لمحے کا انتظار کر رہے تھے۔