ملک بھر میں 47 غیر ملکیوں سمیت کورونا وائرس کے موجودہ متاثرین کی تعداد 873 تک جا پہنچی
نئی دہلی، مارچ 28: آج صبح 09:30 بجے تک مرکزی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس کے 873 فعال واقعات درج کیے ہیں، جن میں 47 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے ہندوستان میں مجموعی طور پر 971 واقعات درج ہوئے، جن میں سے 79 کو علاج کے بعد فارغ کردیا گیا ہے، جب کہ 19 افراد کی موت ہوگئی ہے۔
24 مارچ کی آدھی رات سے پورا ملک لاک ڈاؤن ہے اورپبلک ٹرانسپورٹ کے تمام ذرائع طیاروں، ٹرینوں اور بسوں وغیرہ کو روک دیا گیا ہے۔ لوگوں کو گھر کے اندر ہی رہنے کو کہا گیا ہے کیونکہ وبائی امراض کا خطرہ کمیونٹی ٹرانسمیشن کے تیسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
ہندوستان میں مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ 177 فعال معاملات درج ہیں۔ اس کے بعد کیرل میں 165 معاملات سامنے آئے ہیں۔
دریں اثنا اطلاعات کے مطابق ہزاروں افراد بہار، یوپی، راجستھان اور دیگر مقامات پر اپنے گھروں تک پہنچنے کے لیے پیدل ہی سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ 27 مارچ تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 5،09،164 تصدیق شدہ واقعات ہوئے، جن میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 46،484 نئے معاملات درج ہوئے۔ وہیں اب تک 23،335 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔