ملک بھر میں فرزندان توحید نے کہیں دھوپ تو کہیں بارش کے درمیان عید الاضحی کی نماز ادا کی
ملک کی راجدھانی دہلی میں بارش کے درمیان مساجد اور متعدد عید گاہوں میں جم غفیر،ملک میں امن و امان کے لئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا گیا
نئی دہلی ،29جون:۔
قربانی اور ایثار کے عظیم جذبے کی علامت عید الاضحیٰ ملک بھر میں بڑے عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی ،بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے مساجد اور عیدگاہوں میں پہنچ کر نماز ادا کی۔اس دوران لوگوں نے ملک میں امن و امان اور بھائی چارے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی۔ نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی اور گلے ملکر خوشیوں کا اظہار کیا۔اس کے ساتھ ہی حضرت ابراہیم کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے اللہ کی بارگاہ میں جانوروں کی قربانی بھی دی۔یہ قربانی کا سلسلہ آئندہ دو دنوں تک جاری رہے گا۔
دہلی میں سخت گرمی کے دوران آج صبح سے موسم ابر آلود ہو گیا اور دن گزرنے کے ساتھ ہی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہو گیا جہاں عید گاہ میں لوگوں کو نماز ادا کرنے میں دقتوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔جامع مسجد دہلی میں روایت کے مطابق دہلی کے مختلف علاقوں سے لوگ بڑی تعداد میں نماز ادا کرنے کے لئے پہنچے ۔بڑوں کے ساتھ بچوں نے بھی میں نماز بھی شرکت کی ۔نماز کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی ۔جنوب مشرقی دہلی کے مسلم اکثریتی علاقے اوکھلا میں عید کی نماز کا دورانیہ 7بجے سے 8بجے کے درمیان تھا۔اس دوران موسلا دھار اور رک رک کار بارش کا سلسلہ شروع رہا جس کی وجہ سے عید گاہوں میں نماز نہیں ہو سکی اور لوگوں نے بڑی تعداد میں مساجد میں نماز ادا کی ۔شاہین باغ واقع جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر میں واقع مسجد اشاعت اسلام میں نمازیوں کے لئے میدان میں انتظام کیا گیا تھا لیکن بارش کے سبب مسجد میں نماز ادا کی گئی ،اسی طرح جامعہ سنابل کے عید گاہ میدان میں نماز نہیں ہو سکی اور مسجدکیمپس میں واقع مسجد عمر فاروق میں بڑی تعداد میں دور دراز سے پہنچے لوگوں نے نماز ادا کی ۔مسجد اشاعت اسلام اور سنابل میں خواتین کے لئے بھی انتظام کیا گیا تھا جس میں مردوں کے ساتھ خواتین نے بھی نماز عید ادا کی۔دہلی کے علاوہ ممبئی،حیدرآباد، بھوپال سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی عیدالاضحی کی نماز ادا کی گئی اور ایک دوسرے کو گلے لگ کر مبارکباد دی گئی۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپتی مرمو ،نائب صدر دھنکھڑاور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت متعدد ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنر نے اہل وطن کو عید الاضحٰی کی مبارکباد دی ۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے عید الاضحٰی کے موقع پر تمام ہم وطنوں بالخصوص مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔صدر مملکت نے اپنے مبارکباد پیغام میں کہا کہ عید الاضحی محبت، ایثار اور قربانی کا مقدس تہوار ہے۔ یہ تہوار ہمیں قربانی کی راہ پر چلنے اور انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ آئیے اس موقع پر ہم سب مل کر معاشرے میں باہمی بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا عہد کریں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بروز جمعرات ہم وطنوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دی۔وزیر اعظم مودی نے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا، عیدالاضحیٰ کی نیک خواہشات۔ یہ دن سب کے لیے خوشیاں اور خوشحالی لائے۔ یہ ہمارے معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کا جذبہ بھی برقرار رکھے۔ عید مبارک!