ملعون یتی نرسمہا نند کے خلاف ملک بھر میں مسلمانوں کا احتجاج ،پولیس تھانوں میں میمو رینڈم

دہلی ،اتر پردیش،اتراکھنڈ ،مہاراشٹر سمیت  متعدد ریاستوں کے مختلف شہروں میں مسلمانوں نے گستاخ رسول یتی نرسمہا نند کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا

نئی دہلی،06 اکتوبر:۔

حضوراکرمؐ کی شان میں نازیبا کلمات کہنے والے گستاخ رسول اور ملعون یتی نرسمہا نند کے خلاف ملک بھر کے مسلمانوں میں ناراضگی ہے۔آج ملک کی راجدھانی دہلی سمیت اتر پردیش،اتراکھنڈ،مہاراشٹر ،راجستھان اور دیگر ریاستوں کے متعد د شہروں میں مسلمانوں نے احتجاج کیا اور مقامی پولیس تھانوں میں میمو رینڈم دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ غازی آباد کے ڈاسنا میں واقع  مندر کا مہنت ملعون یتی  نرسمہا نند نے حضور اکرم کی شان میں نازیبا کلمات کہے تھے جس کے خلاف ملک بھر میں لوگوں نے احتجاج کیا اور خود غازی آباد میں اس کے مندر کے باہر مسلمانوں کی بڑی تعداد نے دیر رات احتجاج کیا اور کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ دوسرے دن ملک بھر میں مسلمانوں کی بڑھتی ناراضگی اور متعدد ایف آئی آر کے بعد پولیس نے کارروئای کرتے ہوئے حراست میں لے لیا تھا لیکن مسلمان اس کے خلاف یو اے پی اے کے تحت سخت کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ آج ملک بھر میں احتجاج کیا گیا۔

ملک کی راجدھانی دہلی میں اوکھلا کے جامعہ نگر میں تمام دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کر کے متحدہ طور پر یتی نرسمہا نند کے خلاف احتجاج کیا اور اس موقع پر لوگوں نے جامعہ نگر تھانے پہنچ کر سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے  ہوئے میمو رینڈم سونپا۔اس موقع پر شاہین باغ میں مظاہرین نے یتی نرسمہا نند کا پتلا بنا کر چپلوں سے پٹائی کی اور نذر آتش کر دیا۔

اترپردیش نے غازی آباد،ہاپوڑ اور مراد آباد میں بھی مسلمانوں نے احتجاج کیا اور یتی نرسمہا نند کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اترا کھنڈ کے دہرادون میں پولیس اسٹیشن کے باہر مسلمانوں کے نعرے بازی کی اور ناراضگی کا اظہار کیا۔ اتر پردیش کے ہاپوڑ میں بھیم آرمی کی قیادت میں مسلمانوں نے پولیس تھانے کے باہر احتجاج کیا۔اسی طرح مہاراشٹر میں بھی مسلمانوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس تھانے میں میمو رینڈم دیا اور ایف آئی آر درج کرائی ۔