ملازمت کے متلاشیوں کیلئے سنہری موقع، 16 جولائی کو حیدرآباد میں جاب فیئر کا انعقاد

اے آئی ایم آئی ایم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس جاب فیئر میں ڈیڑھ سو سے زائد کمپنیوں کی شرکت متوقع

نئی دہلی ،حیدرآباد،12 جولائی :۔

تلنگانہ حیدرآباد میں روز گار اور ملازمت کی تلاش کر رہے نوجوانوں کیلئے ایک سنہری موقع  میسر آ رہا ہے ۔در اصل  آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم)  کے زیر اہتمام آئندہ بدھ، 16 جولائی کو حیدرآباد میں ایک بڑے پیمانے پر جاب فیئر کا انعقاد  کیا جا رہا ہے  ، جس کا مقصد پورے حیدرآباد میں نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ پروگرام گوڈیمالکاپورم کے کنگز پیلس فنکشن ہال میں صبح 9:00 بجے سے دوپہر 2:00 بجے تک منعقد ہوگا۔ تقریباً 150  مختلف شعبوں سے متعلق کمپنیوں کی شرکت  متوقع ہے ۔وہیں اس  میلے میں تقریباً 10,000 ملازمت کے متلاشیوں کو راغب کرنے کی امید ہے۔

تمام تعلیمی پس منظر کے امیدواروں کے لیے اس جاب فیئر میں مواقع ہیں۔  خواتین کے لیے  ورک فرام ہوم کے اختیارات سمیت خصوصی مواقع بھی پیش کیا جائے گا۔ ایک پری جاب فیئر اورینٹیشن سیشن منعقد کیا جائے گا تاکہ امیدواروں کو ممکنہ آجروں کے سامنے مؤثر طریقے سے پیش کرنے میں مدد ملے۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ اقدام اگست 2024 میں منعقدہ اے آئی ایم آئی ایم  کے پچھلے جاب فیئر کے ہی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں 100 سے زیادہ کمپنیوں کی شرکت دیکھی گئی اور مختلف شعبوں میں متعدد کرداروں کی پیشکش کی گئی، جس سے مقامی نوجوانوں اور حیدرآباد میں روزگار کے متلاشی تارکین وطن دونوں کو فائدہ پہنچا۔واضح رہے کہ اے آئی ایم آئی ایم کے ذریعہ اس بڑے پیمانے پر جاب فیئر کا انعقاد ای آئی ایم کی نوجوانوں کے بے روزگاری سے نمٹنے اور بامعنی کیریئر کے مواقع کے ذریعے سماجی و اقتصادی بااختیار بنانے کے لیے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔