ملئے !آدتیہ ایل ون مشن کی59 سالہ پروجیکٹ ڈائریکٹر نگار شازی سے
اسرو سے وابستہ سائنسداں دو بچوں کی ماں ہیں نگار شازی ،بچوں کو ٹیم اسپرٹ کے ساتھ کام کرنے کی تربیت دینے کا مشورہ
نئی دہلی،07ستمبر :۔
سورج کا مطالعہ کرنے کے لیے اسرو کے آدتیہ ایل 1 مشن کی پروجیکٹ ڈائریکٹر59 سالہ نگار شازی کا ماننا ہے کہ والدین کو اپنے بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا سکھانا چاہیے، ان کی کوششوں کی تعریف کرنی چاہیے اور انھیں ایسا کرنے کی ترغیب دینی چاہیے۔ یہ بھی سکھایا جانا چاہیے کہ ٹیم میں کیسے کام کرنا ہے۔
انڈین ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک بیٹے اور ایک بیٹی کی ماں نگار شازی کا کہنا ہے کہ اگر والدین کے پاس اپنے بچوں کو سہولیات اور آرام دینے کے لیے پیسے ہوں تو بھی انہیں اپنے بچوں کو صحیح طریقے سے پروان چڑھنے میں مدد کرنے کی ضرورت ہے۔اس کے لیے گھریلو کام آپ کے اپنے ہاتھوں سے کیا جانا چاہئے۔
ایک مڈل کلاس خاندان سے تعلق رکھنے والی نگار شازی کا تعلق تمل ناڈو کے ٹینکاسی کے علاقے سینگوٹائی سے ہے۔ وہ اپنے والدین کی تیسری اولاد ہیں۔
انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ایس آر ایم گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول، ٹینکاسی میں حاصل کی، جہاں سے انہوں نے 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات پاس کیے۔ وہ دونوں امتحانات میں ضلع میں ٹاپر تھیں۔
شازی نے الیکٹرانکس اور کمیونیکیشن انجینئرنگ میں اپنی بیچلر ڈگری گورنمنٹ انجینئرنگ کالج، ترونیلویلی سے حاصل کی اور راجستھان کے پیلانی میں واقع برلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ سائنس (بی آئی ٹی ایس) سے پوسٹ گریجویشن مکمل کیا۔
ان کا تعلق ایک تعلیم یافتہ گھرانے سے ہے۔ ان کے والد 1940 میں ریاضی کے گریجویٹ تھے۔ ان کے بڑے بھائی شیخ سلیم نےآئی آئی ٹی چنئی سے لیزر فزکس میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ہے۔ انہوں نے بنگلورو میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرو فزکس میں بطور سائنسدان کام کیا۔ بعد میں، وہ اکیڈمیا میں چلے گئے اور ٹینکاسی کے ایک کالج سے پروفیسر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔ وہ کہتی ہیں کہ ان کے والد نے اپنے تمام بچوں کو اچھی تعلیم دی۔
نگار جی ای سی ترونیولی کے دوسرے بیچ کی طالبہ ہیں، اس کے شوہر شاجہان جی ای سی کے پہلے بیچ سے ہیں۔ انہوں نے 1986 میں انجینئرنگ کی ڈگری مکمل کی اور چنئی سے 140 کلومیٹر دور سری ہری کوٹہ میں ستیش دھون اسپیس سینٹر سے اپنے کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے 1987 میں اسرو میں شمولیت اختیار کی۔
ان کا بیٹا ہالینڈ میں انجینئر کے طور پر کام کرتا ہے، جب کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ بنگلورو میں رہتی ہیں۔ ان کی والدہ بھی ان کے ساتھ رہتی ہیں کیونکہ ان کے والد شیخ میران کا 1995 میں انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے شوہر – شاہجہان – متحدہ عرب امارات میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں انجینئر کے طور پر کام کرتے ہیں۔
نگار 2008 سے آدتیہ ایل ون پروجیکٹ سے منسلک ہیں اور پچھلے کچھ سالوں سے اس کی قیادت کر رہی ہیں۔ وہ فی الحال راؤ اسپیس سنٹر، بنگلور میں ‘اسپیس انفراسٹرکچر: لو ارتھ آربٹ اینڈ پلینیٹری پلیٹ فارم’ کی پروگرام ڈائریکٹر بھی ہیں۔