مغربی بنگال :کولکاتہ میں فلسطین کی حمایت میں زبر دست احتجاجی ریلی اور یکجہتی کانفرنس کا انعقاد

دعوت ویب ڈسیک
کولکاتہ،19 ستمبر :۔
غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف جہاں دنیا بھر میں احتجاجات ہو رہے ہیں اور فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے وہیں وطن عزیز میں بھی انصاف پسند طبقہ غزہ کے مظلومین کیلئے آواز اٹھا رہا ہے ۔ گزشتہ دنوں دہلی کے جنتر منتر پر زبر دست احتجاج کیا گیا ۔ اسی سلسلے میں جمعرات کو کولکاتہ میں فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کے لئے زبر دست احتجاجی ریلی اور یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر انہوں نے فلسطین اور غزہ کے حق میں مظاہرہ کیا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اس احتجاجی اجتماع کا اہتمام مغربی بنگال کی مختلف تنظیموں کے اجتماعی ’فرینڈز آف فلسطین‘ نے کیا تھا۔
ریلی میں شامل شرکا نے غزہ پر مکمل کنٹرول مسلط کرنے کے اسرائیل کے منصوبے کی شدید مذمت کی اور ہندوستانی حکومت پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے محصور غزہ میں جاری نسل کشی کو فوری طور پر ختم کرے۔
اس یکجہتی کانفرنس اور احتجاجی ریلی میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے شرکت کی اور مظاہرین سے خطاب کیا۔ ملک معتصم کے علاوہ ڈاکٹر مسیح الرحمن، امیر حلقہ مغربی بنگال، ریاستی سکریٹری شاداب معصوم، ایس آئی او مغربی بنگال کے صدر عمران حسین اور دیگر تنظیمی قائدین بشمول فرفورہ شریف سے سوبن صدیقی، چھوٹا داس (کنوینر، بندی مکتی کمیٹی)، مولانا عمیر العوامیہ، مولانا قمرالزماں ، مولانا عبدالقوی اور دیگر نے خطاب کیا۔
یہ ریلی رام لیلا میدان سے شروع ہوئی اور کولکاتہ میونسپل کارپوریشن کے دفتر کے قریب نیو مارکیٹ علاقے میں ایک عوامی کانفرنس کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔