مغربی بنگال میں دو ہفتوں میں ہجومی تشدد کے 12 واقعات
چارافراد کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا،درجنوں افراد زخمی،کہیں بچہ چوری تو کہیں چوری کا الزام میں ہجوم نے حملہ کیا
نئی دہلی ،06 جولائی :۔
گزشتہ چار جون کو نئی حکومت کی تشکیل کے بعد ملک بھر میں ہجومی تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ درج کیا گیا ہے۔خاص طور پر عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی نقل حمل کے دوران ماب لنچنگ کے بے شمار واقعات پیش آئے ہیں جن میں متعدد افراد کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا ۔دریں اثنا مغربی بنگال میں گزشتہ دو ہفتے میں ماب لنچنگ کے واقعات میں حیران کن اضافہ درج کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہجومی تشدد کے 12 الگ الگ واقعات میں کم از کم چار افراد کو مارا پیٹا گیا اور 10 زخمی ہوئے۔ تمام واقعات 19 جون کے بعد رپورٹ ہوئے ہیں۔
ان تمام واقعات میں متاثرین کو پہلے چور قرار دے کر نشانہ بنایا گیا ۔ کئی واقعات میں مقتولین کے لواحقین نے الزام لگایا کہ یہ محض افواہیں اور جھوٹے الزامات ہیں۔ تمام مرنے والوں کا تعلق معاشی اور سماجی طور پر پسماندہ گروہوں سے ہے۔
50 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ممتا بنرجی کی حکومت نے ان لوگوں کے خاندانوں کے لیے 2 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔22 جون کو، جھاڑگرام،مغربی میدنی پور کے رہنے والے دو نوجوانوں کو، جو سب ڈویژن میں جمبونی جا رہے تھے،کو ایک ہجوم نے پیٹا۔ ان میں سے ایک نوجوان 30 جون کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ متوفی کی شناخت سوربھ سو کے طور پر ہوئی ہے۔
25 جون کو ہگلی ضلع کے پانڈوا میں دربھشینی میں ایک نوجوان کو مقامی لوگوں نے پیٹا تھا۔ اس کی موت 30 جون کو ہوئی تھی۔ متوفی کی شناخت بسوجیت منا کے طور پر ہوئی ہے۔ دو ملزمین – تاجر بکاش سمانتا اور ان کے بیٹے دیبکانتا سمنتا نے ان کے گھر سے 50,000 روپئے چرانے کا الزام لگایا۔
26 جون کو 37 سالہ ارشاد عالم، جو کہ ایک ٹیلی ویژن کی مرمت کی دکان میں کام کرتا تھا، کو بو بازار، کولکاتہ میں بیٹ اور ہاکی اسٹکس سے مارا پیٹا گیا،پولیس نے کسی طرح اسے بچا لیا اور اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی موت ہو گئی۔
ان کے علاوہ اس دوران ہجومی تشدد کے کم از کم 8 واقعات ہوئے۔ کچھ متاثرین کو پولیس نے بچا لیا، اور کچھ کو شدید زخمی چھوڑ دیا گیا۔
باراسات کے امڈنگا پولیس اسٹیشن کے تحت پربھاکر کٹی گاؤں میں ہجومی تشدد کے ایک واقعہ میں، 34 سالہ مسلم خاتون نہربانو پر 19 جون کو ایک ہجوم نے حملہ کیا۔ وہ اور ایک خاتون رشتہ دار کازی پاڑہ میں ایک ریستوراں تلاش کر رہے تھے جب کچھ لوگوں نے ان پر بچہ چوری کا الزام لگایا اور حملہ کر دیا۔