مغربی بنگال: مرشد آباد میں بکری چوری کے شبہ میں مسلم نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل، 72 گھنٹوں میں تیسری لنچنگ
نئی دہلی ،25دسمبر :۔
ایوان میں حالیہ دنوں میں جرائم سے متعلق تین بل پاس ہوئے ہیں جس میں دیگر جرائم کے ساتھ ساتھ ماب لنچنگ کے خلاف سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں اور پھانسی کی سزا تک تجویز ہے مگر اس بل کے پاس ہونے کے بعد سے ہی مغربی بنگال میں ماب لنچنگ کے سلسلہ وار 72 گھنٹوں میں تین واقعات درج ہوئے ہیں جس میں بھیڑ نے مسلم نوجوانوں کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا ۔
رپورٹ کے مطابق تازہ واقعہ ہفتہ کی رات مرشد آباد ضلع کے ہری بھکت پور گاؤں میں مشتعل گاؤں والوں نے ایک مسلم نوجوان کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ 45 سالہ شخص، جس کی شناخت روح الامین شیخ کے نام سے ہوئی، پر بکری چوری کا شبہ تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق تین افراد بکریوں کی چوری کی نیت سے ایک گھر میں داخل ہوئے ۔گھر والوں نے مشکوک حرکت دیکھتے ہی شور مچا دیا۔جس کے بعد گاؤں والوں کی بھیڑ جمع ہو گئی دو مبینہ چور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے لیکن ایک کو گاؤں والوں نے تلاش کے بعد پکڑ لیا۔ چوری سے مشتعل ہو کر گاؤں والوں نے ملزم کو درخت سے باندھ کر شدید زدوکوب کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جلنگی تھانہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ کو بچا لیا۔ ابتدائی طور پر سدیکھندرا دیہی اسپتال لے جایا گیا، بعد میں شیخ کو مرشد آباد میڈیکل کالج منتقل کیا گیا، جہاں وہ اتوار کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
دی آبزرور پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق مقامی رہائشی ماہر الدین شیخ نے بتایا کہ گاؤں کے لوگ اس علاقے میں چوری کی مسلسل وارداتوں پر مسلسل بے چینی کا شکار تھے، جس میں سائیکلوں اور مویشیوں سمیت اکثر سامان چوری ہونے کے واقعات پیش آتے ہیں۔ چوری کی وارداتوں کے بارے میں پولیس کو پیشگی اطلاع دینے کے باوجود پولیس نے کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی۔ڈومکل کے ایس ڈی پی او ایس کے مطابق ’’مقتول کا تعلق جلنگی تھانے کے شمالی فرید پور سے ہے۔ لاش کو برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے مرشدآباد میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ ابھی تک کوئی تحریری شکایت درج نہیں ہوئی ہے۔ اگر شکایت درج ہوئی تو تحقیقات شروع کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ یہ وقعہ ماب لنچنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کا ایک سلسلہ ہے ۔ مغربی بنگال میں پچھلے تین دنوں کے اندر تین مسلمانوں کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا ہے ۔اس سے قبل بھی دو مسلم نوجوانوں کو گائے کے چوری کے شبہ میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا تھا ۔سلسلہ وار ماب لنچنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے ۔