معروف صحافی اورحقوق انسانی کی کارکن گوری لنکیش کے قتل کا ملزم شیو سینا شندے میں شامل
نئی دہلی ،20 اکتوبر :۔
بنگلورو میں صحافی گوری لنکیش کے 2017 میں ہوئے قتل کے ملزم شریکانت پنگارکر نے آج مہاراشٹرا میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا میں شمولیت اختیار کرلی ۔ گوری لنکیش کو بنگلورو میں 5 ستمبر 2017 میں ان کے گھر کے باہر گولی مار دی گئی تھی۔ کرناٹک پولیس کی ایک ٹیم نے مہاراشٹرا ایجنسیوں کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کی تھی جس کے دوران کئی افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ پنگارکر بھی ملزمین میں شامل تھا۔ گزشتہ ماہ کرناٹک ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد جیل سے باہر آیا ہے۔
جمعہ کو، شری کانت پنگارکرپارٹی لیڈر اور سابق وزیر ارجن کھوتکر کی موجودگی میں شنڈے سینا میں شامل ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق، پارٹی نے پانگارکر کو جالنا اسمبلی حلقہ میں اپنی انتخابی مہم کی ذمہ داری بھی سونپی ہے۔سابق وزیر ارجن کھوتکر نے کہا، ’’پانگارکر ایک سابق شیوسینک ہیں اور پارٹی میں واپس آگئے ہیں۔ "وہ پارٹی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اسے عدالت نے رہا کر دیا ہے اور عدالتی کارروائی مکمل کر کے جیل سے باہر آ ئے ہیں۔
پنگارکر پر قتل کیس میں آتشیں اسلحے کا بندوبست کرنے اور تربیتی کیمپ میں شرکت کا الزام تھا۔اس کے علاوہ پنگارکر پر 2017 میں پونے میں سن برن میوزک فیسٹیول میں بم دھماکے کی منصوبہ بندی کرنے کا بھی الزام تھا اور اسے 2018 میں ممبئی میں انسداد دہشت گردی کے دستے نے گرفتار کیا تھا۔