معروف سینئر صحافی وید پرتاپ ویدک کا انتقال
حافظ سعید کا انٹر ویو لینے کے بعد سرخیوں میں آئے تھے،78 سال کی عمر میں آخری سانس لی
نئی دہلی،14 مارچ :۔
ہندی زبان کے معروف سینئر صحافی اور پاکستان میں حافظ سعید کے انٹر ویو کے بعد سرخیوں میں آئے وید پرتاپ ویدک کا آج انتقال ہو گیا۔ ان کے پی اے موہن نے بتایا کہ آج صبح تقریباً 9 بجے وہ باتھ روم میں پھسل گئے تھے، اس کے فوراً بعد انہیں گھر کے قریب واقع اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق وید پرتاپ ویدک نے 78 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ آخری بار وہ اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب انہوں نے ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ اور دہشت گرد حافظ سعید کا انٹرویو کیا تھا۔ ان کے انٹرویو کو خوب شہرت حاصل ہوئی تھی۔
سینئر صحافی وید پرتاپ ویدک 30 دسمبر 1944 کو اندور، مدھیہ پردیش میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے جے این یو سے بین الاقوامی سیاست میں پی ایچ ڈی کی اور چار سال دہلی میں سیاسیات کے استاد رہے۔ وہ سیاسیات کے علاوہ فلسفہ میں بھی خوب دلچسپی رکھتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سے حافظ سعید کا انٹرویولینے کے بعد واپس وطن آئے تو پورے ملک میں ہنگامہ برپا ہوا۔ ان کے اس انٹر ویو کو ملک سے غداری قرار دیا گیا ۔دو ارکان پارلیمنٹ نے ان پر غداری کا مقدمہ چلا کر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر وید پرتاپ ویدک نے ایک متنازعہ تبصرہ کیا تھا جس پر بھی خوب ہنگامہ آرائی ہوئی ۔ویدک نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ صرف دو ارکان پارلیمنٹ کو ہی نہیں، بلکہ پورے 543 ارکان پارلیمنٹ کو اتفاق رائے سے قرارداد منظور کرکے مجھے پھانسی پر لٹکادینا چاہیے، میں ایسی پارلیمنٹ پر تھوکتا ہوں!
واضح رہے کہ وید پرتاپ ویدک کے مختلف مضامین اور آرٹیکل ہندی انگریزی کے علاوہ اردو اخبارات میں بھی اہتمام کے ساتھ شائع ہوتا تھااور ان کے پڑھنے والوں میں اردو قارئین کی تعداد بھی شامل تھی۔