مظفر نگر: اب پنکچر کی دوکانوں پر بھی نام کی تختی کا فرمان،نان ویج کی دکانوں پر ترپال
نئی دہلی ،21 جولائی :۔
کانوڑ یاترا کے دوران اتر پردیش کی یوگی حکومت کے ذریعہ ڈھابوں اور ٹھیلوں پر نام ظاہر کرنے کے فرمان پر تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے وہیں اب مظفر نگر انتظامیہ نے صرف کھانے پینے کی دکانوں پر ہی نہیں بلکہ ٹائر پنکچر کی دکانوں پر بھی نام کی تختی لگانے کا فرمان جاری کر دیا ہے ۔پولیس ہلکاروں کے ذریعہ دکانوں پر جا کر نام اور موبائل نمبر لکھنے کا حکم دیا جارہا ہے۔یوگی حکومت اب مکمل طور پر مسلمانوں کی معاشی بائیکاٹ کی طرف بڑھ رہی ہے۔اب تک صرف کھانے پینے سے آستھا کو ٹھیس پہنچنے کا معاملہ تھا لیکن اب پنکچر کی دکانوں سے بھی دقت ہونے لگی ہے۔یہی نہیں دکانوں پر ویج اور نان ویج لکھنے سے تسلی نہیں ہوئی تو اب نان ویج کی دکانوں کو کالی پنی اور ترپال سے کور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوگی حکومت کے حکم کے بعد اتر پردیش میں کانوڑ یاترا کے راستوں میں کھانے پینے کی دوکانوں پر ہی نہیں بلکہ اب ٹائر پنکچر کی دوکانوں پر بھی نام کی تختی لگائی جا رہی ہے۔ دوکانداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ پولیس کی ہدایت پر لگائی ہے۔ دوکانداروں کے مطابق پولیس کی جانب سے اس بات کی سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی دوکانوں کے بورڈ پر اپنا نام اور موبائیل نمبر درج کریں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ٹائر پنکچر کی دکان کے مالک منّا نے بتایا کہ نام کی یہ تختی اس لیے لگائی گئی ہے کہ کیونکہ کل اور آج دو پولیس والے آئے اور کہا کہ دوکان کے بورڈ پر اپنا موبائل نمبر اور نام لکھ کر لگاؤ۔ ایک دیگر ٹائر پنکچر کی دوکان کے مالک سلیم کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً 25-26 سال سے سائیکل کے ٹائر بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ایک پولیس اہلکار آیا اور کہا کہ دوکان کے باہر ایک بورڈ لگاؤ اور اس پر اپنا فون نمبر بھی لکھو۔