مصیبت زدہ فلسطینیوں کیلئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباءکی اپیل
طلبا نے وائس چانسلر سے آئندہ 17 اکتوبر کو منعقد ہونے والی سرسید ڈے کی تقریبات کا فنڈ فلسطینیوں کی امداد کیلئے بھیجنے کی درخواست کی
نئی دہلی ،11 اکتوبر :۔
فلسطین کے مظلوم مسلمان گزشتہ ایک سال سے اسرائیلی ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں ۔غزہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے،رائشی مکانات کھنڈر میں تبدیل ہو چکے ہیں ۔خواتین ،بچے اور بزرگ بے سرو سامان کی حالت میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ ہر گزرتا دن ان کے لئے قیامت کا دن ثابت ہو رہا ہے ،ہر لمحے موت کا خوف ہے مگر پھر بھی وہ زندہ ہیں ۔دنیا بھر سےفلسطینیوں کی امداد کی جا رہی ہے ۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء نے بھی فلسطینیوں کی اس مصیبت بھری زندگی میں کچھ راحت پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔طلبا نے ایک انوکھا اور دل کو چھو لینے والی اپیل کی ہے۔ طلبا نے آئندہ 17 اکتوبر کو ہونے والی سرسید ڈے تقریبات کے فنڈز کو فلسطین اور لبنان کے لیے انسانی امداد کے لئےبھیجنے کی درخواست کی ہے۔
علی گڑھ مسلم یونیور سٹی کےسرسید اورآر ایم ہال کے طلباء نے وائس چانسلر سے درخواست کی ہے کہ وہ 17 اکتوبر 2024 کو سرسید ڈے کی تقریب کے لیے مختص فنڈز کو فلسطین اور لبنان کے لوگوں کی انسانی بنیادوں پر مدد کیلئے عطیہ کریں۔
اے ایم یو کے ایک طالب علم نے کہا، "اے ایم یو کے طلباء فلسطین کی حمایت، ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے اور فلسطین میں شہریوں کی روزی روٹی کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے فنڈز کو عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔
اس نے کہا کہ "فلسطینیوں کے لیے امدادی عطیات کا یہ عمل سرسید خان کی خدمت اور ہمدردی کی میراث کو ایک صحیح مقصد تک پہنچا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اے ایم یو ہر سال 17 اکتوبر کو ہندوستانی مسلم مصلح ،فلسفی اور ماہر تعلیم اپنے بانی سر سید احمد خان کے یوم پیدائش پر انہیں یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سرسید ڈے مناتی ہے۔اس دوران مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا جاتا ہے جو پوری دنیا میں سرسید ڈنر کے طور پر معروف ہے۔قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اعلان کیا کہ سرسید ڈے میں تمام روایتی تقریبات شامل ہوں گی اور بڑے پیمانے پر منعقد کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ غزہ میں اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 42,065 افراد ہلاک اور 97,886 زخمی ہو چکے ہیں۔دنیا بھر میں، لوگ غزہ پر اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اسرائیلی قبضے کو جنگی جرائم کے لیے جوابدہ قرار دے رہے ہیں۔ دنیا بھر کی یونیورسٹیاں یکجہتی کے لیے احتجاج میں شامل ہو رہی ہیں ایسے میں علی گڑھ مسلم یونیور سٹی کے طلبا نے بھی فلسطینیوں کی امداد کیلئے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سرسید ڈے فنڈ کو فلسطینیوں کے لئے بھیجنے کی درخواست کی ہے۔یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد مطالبہ ہے۔