مصطفیٰ آباد میں رہائشی عمارت کے المناک حادثے پر جماعت اسلامی ہند کا اظہار افسوس
نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے میڈیا کو جاری بیان میں متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا،عمارتوں کے حفاظتی ضوابط کو سختی سے نافذ کرنے کی اپیل

نئی دہلی ،19 اپریل :۔
آج راجدھانی کے شمال مشرقی دہلی کے مصطفیٰ آباد علاقے میں ایک کثیر منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہو گئی ۔ اس لمناک حادثے میں اب تک گیارہ افراد کی موت ہو چکی ہے۔اس اندوہناک حادثے پرافسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور متاثرہ اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ معروف ملی تنظیم جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر انجینئر محمد سلیم نے بھی اس المناک حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے اورمتاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
نائب امیر نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ہم 19 اپریل 2025 کو شمال مشرقی دہلی کے مصطفی آباد کے شکتی وہار میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کے المناک حادثے سے بہت افسردہ ہیں، جس میں 11 قیمتی جانیں چلی گئیں اور متعدد زخمی ہوئے۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے سے متاثرہ خاندانوں کے لیے بے پناہ غم ہے اور اس گہرے نقصان کی گھڑی میں ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔
جماعت اسلامی ہند کی جانب سے میں مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی ارواح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگواران کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کرتے ہیں اور بچاؤ کے کاموں میں دہلی پولیس، این ڈی آر ایف اور ڈی ایف ایس کی انتھک کوششوں کی ستائش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سانحہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عمارتوں کے حفاظتی ضوابط کو سختی سے نافذ کرنے کی فوری ضرورت کی نشاندہی کرتا ہے۔ ہم حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس حادثےکی مکمل تحقیقات کریں، خاص طور پر گراؤنڈ فلور پر تعمیراتی کام کی جانچ کی جائے، اور کسی بھی کوتاہی کے لیے جوابدہی کو یقینی بنایا جائے۔اللہ تعالیٰ متاثرین پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔