مصر میں اخوان المسلمون کے رہنماؤں کو سزائے موت شدید مذمت
جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعاد ت اللہ حسینی نے کہا کہ خطے میں استعماری طاقتوں کی مخالفت کی سزا دی جا رہی ہے
نئی دہلی ،13مارچ :۔
مصر میں اخوان المسلمون کے سرکردہ رہنماؤں کو عدالت کے ذریعہ موت کی سزا کا اعلان کیا گیا ہے۔سینئر رہنماؤں کے خلاف سزائے موت سے مسلمانوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ہندوستان کی سرکردہ تنظیم جماعت اسلامی ہند نے بھی مصری عدالت کے اقدام کی مذمت کی ہے ۔جماعت اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے مصری عدالت کی طرف سے اخوان المسلمون کے جنرل رہنما محمد بدیع اور دیگر سات رہنماؤں کو سزائے موت سنائے جانے کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ میں اخوان المسلمون کے رہنماؤں کے صبر و استقامت کے لیے دعا گو ہوں۔ "جماعت اسلامی ہند اور ہندوستان کی مسلم کمیونٹی اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخوان المسلمون مصر میں ایک مقبول تحریک ہے جسے محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے بلاجواز نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے رہنماؤں کو سزائے موت دینے کا فیصلہ فلسطینی کاز کے لیے ان کی غیر متزلزل حمایت کا نتیجہ ہے۔
سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ "اخوان المسلمون کے رہنماؤں کو نہ صرف انصاف اور جمہوریت سے وابستگی کی سزا دی جا رہی ہے، بلکہ اس لیے بھی انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ وہ خطے میں عالمی سامراجی طاقتوں بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا، "آج بھی اخوان المسلمون کے رہنماؤں کو آزمائشوں اور مصیبتوں کا سامنا ہے کیونکہ استعماری طاقتوں کی جانب سے خطے میں جمہوری حقوق اور عوام کی امنگوں کی نمائندگی کرنے والی قوتوں کا خوف بر قرار ہے۔
جماعت کے صدر نے کہا کہ ہم عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور انصاف کے حامیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان غیر منصفانہ فیصلوں کی مذمت کریں۔ ہم اخوان المسلمون کے رہنماؤں کے ظلم و ستم کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور ان کی رہائی کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت انصاف، جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور کسی بھی غیر منصفانہ اقدام کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے جس سے انصاف یا آزادی کے اصولوں کو خطرہ ہو۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمون کی اہم شخصیات کو موت کی سزا سنائی ہے جن میں محمد بدیع، محمود عزت، محمد البلتاجی، عمرزاکی، اسامہ یاسین، صفوت حجازی، عاصم عبدالمجید اور محمد عبدالمقصود شامل ہیں۔