مسلم پرسنل لا بورڈ کا انتباہ ،اگر پارلیمنٹ میں بل منظور ہوا تو ملک گیر تحریک چلے گی
لوک سبھا میں وقف ترمیمی بل پر بحث کے درمیان آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا سخت انتباہ،تمام قانونی اور آئینی راستہ اختیار کرنے کا اعلان

نئی دہلی ،02 اپریل :۔
وقف ترمیمی بل آج لوک سبھا میں پیش کیا گیا۔بل میں بحث جاری ہے،اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے اپنے اپنے دلائل جاری ہیں ۔ مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اس کا تعارف لوک سبھا میں کرایا۔ اس سے قبل آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنی ہنگامی پریس کانفرس کی اور سرکار کو انتباہ کیا کہ اگر یہ بل پارلیمنٹ میں منظور ہوتا ہے تو ہم اس کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کریں گے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے پریس کلب آف انڈیا میں یہ ہنگامی پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا مجددی ،بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر قاسم رسول الیاس،سابق ایم پی محمد ادیب اور جماعت اسلامی کے سکریٹری شفیع مدنی نے خطاب کیا۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کہا کہ "اگر یہ بل پارلیمنٹ میں منظور ہوتا ہے تو ہم اس کے خلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ہم اپنے پاس موجود تمام قانونی اور آئینی دفعات کو بروئے کار لائیں گے۔ جب تک مجوزہ ترامیم کو واپس نہیں لیا جاتا ہم پرامن تحریک چلائیں گے۔ یہ بل امتیازی اور فرقہ وارانہ ہے۔ یہ افسوسناک ہے کہ جے پی سی میں اپوزیشن ارکان کے خیالات پر غور نہیں کیا گیا۔انہوں نے دہرایا کہ ہماری تحریک کسان آندولن کی طرز پر بھی ہوسکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر آندولن کے خدو خال واضح کریں گے۔
بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے بھی اس بل پر اعتراضات کئے اور مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی طرف سے منظور شدہ ترامیم کو ” دھوکہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "جے پی سی کی طرف سے منظور شدہ ترامیم کے ساتھ، معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔ جے پی سی محض ایک دھوکہ اور فریب ہے ۔
بورڈ کے ممبر اور سابق ایم پی محمد ادیب نے کہا کہ آج سب کے چہرے سے نقاب اتر جائے گا،انہوں نے دھمکی دی کہ بل کی حمایت کرنے والوں کا حقہ پانی بند کردیا جائے گا۔ان کا سوشل بائیکاٹ کریں گے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں بل پیش ہوگیا ہے اور اس پر بحث ہورہی ہے ،بی جے پی اتحادیوں نے سرکار کی حمایت کا اعلان کیا ہے جن میں ٹی ڈی پی اور جے ڈی یو نمایاں ہیں جبکہ پاسوان اور جینت چودھری نے بھی سپورٹ کا اعلان کیا ہے۔