مسلم پرسنل لا بورڈ کاگیان واپی اورمتھرا شاہی عیدگاہ کے نئے تنازعہ پر اظہار تشویش
حیدر آباد میں آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کے مجلس عاملہ کااجلاس، شرکا نے مظلوم فلسطینیوں کی دادرسی نہ کرنے پر مسلم حکومتوں کی بزدلی کی شدید مذمت کی
نئی دہلی ،حیدر آباد ،19جنوری
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈکے مجلس عاملہ کا جمعرات کو المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد میں اجلاس منعقد ہوا۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر بورڈ نے صدارت کی اور بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کارروائی انجام دی۔ اس موقع پر مجلس عاملہ کے اراکین نے گیان واپی مسجد اور متھرا کی شاہی عید گاہ کے موضوعات سمیت ملک کے متعدد مسائل پر گفتگو کی ۔
اجلاس میں موجودمسلم پرسنل لا بورڈ کے ذمہ داران نے وارانسی کی گیان واپی مسجد، متھرا کی شاہی عید گاہ کے تعلق سے نچلی عدالتوں میں جو نئے تنازعات پر تشویش کا اظہار کیا۔اور انہوں نے کہا کہ ہمارا احساس ہے کہ عبادت گاہوں سے متعلق 1991ءکے قانون کے ذریعہ ملک کی مقننہ نے ہر نئے تنازعہ کا دروازہ بند کر دیا تھا، اس اجلاس کو اس بات پر شدید تشویش ہے کہ سپریم کورٹ جس نے بابری مسجد کا فیصلہ دیتے وقت اس قانون کا حوالہ دے کر کہا تھا کہ اس کے ذریعہ ہر نئے تنازعہ کا راستہ بند کر دیا گیا ہے، وہی مسلمانوں کی متھرا اور کاشی سے متعلق اپیلوں کو نظر انداز کر رہا ہے، اگر ان چور دروازوں کو بند نہیں کیا گیا تو پھر اس بات کا اندیشہ ہے کہ شر پسند قوتیں ملک کے مختلف علاقوں میں نئے نئے فتنے اور تنازعات کھڑے کرتی رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ متھرا کی عیدگاہ کے متعلق 1968ءمیں کرشنا جنم بھومی ٹرسٹ اور شاہی عیدگاہ ٹرسٹ کے درمیان ایک معاہدہ کے ذریعہ اس تنازعہ کو حل کر لیا گیا تھا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ عدالت عظمیٰ سے یہ حسن ظن رکھتا ہے کہ وہ ان نئے فتنوں کا دروازہ بند کر کے ملک میں امن وامان اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے گا، اسی طرح دہلی کی سنہری مسجد کے تعلق سے این ڈی ایم سی نے ٹرافک کا بہا نہ کر اس کی شہادت کا جو ناپاک منصوبہ بنایا تھا، سرِ دست عدالت نے اس پر روک لگا دی ہے؛ تاہم اجلاس کا احساس ہے کہ سنہری مسجد اور لنٹن ژون میں دیگر 6مساجد شرپسندوں کے نشانے پر ہیں، بورڈ یہ واضح کر دینا ضروری سمجھتا ہے کہ یہ تمام مساجد اوقاف کی ان123 جائیدادوں میں شامل ہیں، جن پر عدالت نے اسٹے دے رکھا ہے۔
بورڈ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں فلسطین میں جاری مظلوموں کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ایک انسانی مسئلہ ہے، جہاں اسرائیل کی شکل میں ایک غاصب قوت ملک کے اصل باشندوں کو جلا وطن کرنے پر تُلی ہوئی ہے ، اس نے جبروظلم کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، وہ مسلسل نسل کشی اور وحشیانہ مظالم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل بارہا فیصلہ کر چکی ہے کہ اسرائیل مقبوضہ علاقوں کو خالی کر دے؛ مگر امریکہ اور برطانیہ جیسی استعماری طاقتوں کی شہہ پر اسرائیل نے اب تک اس پر عمل نہیں کیا۔
یہ اجلاس اسرائیل اور اس کی پشت پناہی کرنے والی عالمی طاقتوں کی سخت مذمت کرتا ہے ۔دریں اثنا بورڈ کے ممبران نے اُن مسلم ملکوں کی بھی شدید مذمت کی جنھوں نے فلسطینیوں کو بچانے کے لئے مدد کا ہاتھ نہیں بڑھایا اور حد درجہ بزدلی کا ثبوت دیتے ہوئے ظلم پر خاموشی اختیار کرنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے حکومت ہند سے بھی مطالبہ کیا کہ گاندھی جی سے لے کر اٹل بہاری واجپائی تک اور بعد کی حکومتوں میں بھی ہمیشہ ہندوستان نے فلسطینی کاز کی حمایت کی ہے، حکومت ہندکو اپنے اسی دیرینہ موقف پر قائم رہنا چاہئے۔
یونیفارم سول کوڈ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ بورڈ پہلے بھی اس بات کو واضح کر چکا ہے کہ ہندوستان جیسے کثیر مذہبی اور کثیر ثقافتی ملک کے لئے یونیفارم سول کوڈ بالکل موزوں اور مناسب نہیں ہے، نیز اس طرح کی کوششیں ملک کے دستور کے روح کے بھی خلاف ہیں۔
اجلاس میں شرکا نے اس کے علاوہ ملک میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم اور اوقاف کی جائیداد کو بازار کی شرح پر کرایہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔اور اوقاف کے متولیان سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ خود بھی اوقافی جائیدادوں کے ناجائز استعمال سے بچیں، دوسروں سے بھی ان کو بچائیں اور وقف کی املاک کے سلسلہ میں خاص طور پر اللہ سے ڈریں۔ اس کے علاوہ مسلم معاشرہ میں پھیلی برائیوں پر قدغن لگانے اور معاشرے میں اصلاحی کوششوں کی اپیل کی ۔
پروگرام میں بورڈ کے نائب صدر سید سعادت اللہ حسینی، بورڈ کے سکریٹریز مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی (مالیگاو ں)،مولانا احمد ولی فیصل رحمانی (بہار) ، مولانا ڈاکٹر یٰسین علی عثمانی(بدایوں)،بورڈ کے خازن پروفیسر ریاض عمر کے علاوہ صدر جمعیة علماءہند مولانا سید محمود اسعد مدنی، امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، جسٹس سید شاہ محمد قادری، مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی، مولانا صغیر احمد رشادی، مولانا عتیق احمد بستوی، ممبر آف پارلیامنٹ اسد الدین اویسی، مولانا نثار حسین حیدر آغا (فرقہ اثنا عشریہ)، مولانا محمد جعفر پاشا ، مولانا مسعودحسین مجتہدی (فرقہ مہدویہ) ، سینئر ایڈوکیٹ یوسف حاتم مچھالہ، ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس، ترجمان(دہلی)، مولانا عبدالعلیم قاسمی (بھٹکل)، ڈاکٹر ظہیر آئی قاضی (ممبئی)، محمد طاہر حکیم ایڈوکیٹ( گجرات) کمال فاروقی (دہلی)، ضیاءالدین نیر، ڈاکٹر محمد مشتاق علی، مولانا سید اکبر نظام الدین، ڈاکٹر متین الدین قادری، جلیسہ سلطانہ یٰسین ایڈوکیٹ،عطیہ صدیقہ ، پروفیسر مونسہ بشریٰ عابدی ، محترمہ فاطمہ مظفر اور ملک بھر سے اہم شخصیات نے شرکت کی۔