مسلم نوجوانوں نے مذہبی شناخت کے بغیر کھانا تقسیم کر کے نفرت کا جواب محبت سےدیا

ممبئی کے ٹاٹا اسپتال کے باہر  ممبئی برادر ہوڈ فاؤنڈیشن کے ارکان نے کہا اللہ اکبر کہنے کی ضرورت نہیں ہے ،بھوکے ہیں کھانا کھائیں

نئی دہلی ،31 اکتوبر :۔

گزشتہ روز ممبئی کے ٹاٹا اسپتال کے باہر کھانا تقسیم کے دوران جہاں ایک مسلم خاتون کو جے شری رام نہ کہنے پر کھانا دینے سے انکار کر دیا گیا تھا آج اسی مقام پر ایک این جی او کے مسلم ممبران نے بلا امتیاز مذہب بھوکوں میں کھانا تقسیم کر کے ایک مثال قائم کی ہے۔ضعیف شخص کے ذریعہ جے شری رام کا نعرہ نہ لگانے پر مسلم خاتون کو کھانا نہ دینے کے جواب میں مسلم نواجوانوں کے اس رد عمل پر تعریف کی جا رہی ہے اور اسے نفرت کا جواب محبت سے دینے سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ممبئی کے معروف ٹاٹا اسپتال کے باہر ایک این جی او کی جانب سے ضعیف شخص مریضوں اور تیمار داروں میں کھانا تقسیم کر رہا تھا مگر اس دوران اس نے لائن میں جب ایک باحجاب مسلم خاتون کو دیکھا تو غصے میں لال ہو گیا اور نہایت ہی ترش روئی کے ساتھ خاتون سے جے شری رام کا نعرہ لگانے کیلئے کہا جس پر اس خاتون نے انکار کر دیا تو اسے کھانا نہیں دیا اور وہاں سے بھگا دیا۔اس کا مکمل ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا تھا ۔جس پر آج اسی مقام پر ممبئی بردرہوڈ فاؤنڈیشن کے مسلم ممبران نے مریضوں کے لئے کھانا تقسیم کرنے کا اسٹال لگایا اور تمام لوگوں میں بلا مذہبی امتیاز کے کھانا تقسیم کیا۔ اس دوران کھانا تقسیم کرنے والوں نے کہا کہ اللہ اکبر کہنے کی ضرورت نہیں ہے ،بھوک لگی ہے ،کھانا کھاؤ۔اس دوران بڑی تعداد میں ہندو اور مسلمان دونوں نے کھانا کھایا ۔اس کا بھی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔جس میں کھانا لینے کیلئے لوگوں کی لمبی قطار نظر آ رہی ہے جس میں ہندو اور مسلم دونوں ضرورت مند شامل ہیں ۔

مسلم نوجوانوں کے ذریعہ ضعیف شخص کے جواب میں اس طریقہ کار  کی تعریف کی جا رہی ہے اوراس رد عمل کو نفرت کے مقابلے میں محبت سے تعبیر  کیا جا رہاہے۔متعدد صارفین نے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہوئی حقیقی انسانیت اور خدمت خلق ۔جہاں بغیر مذہب پوچھے بھوکوں کو کھانا کھلایا جا رہا ہے۔ناظم شیخ نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ یہ اسی اسپتال کے باہر کی ویڈیو  ہے جہاں ایک نفرتی شخص نے ایک مسلم خاتون کو جے شری رام کا نعرہ  نہ لگانے کی وجہ سے کھانا نہیں دیا تھا۔الحمد اللہ آج وہیں ممبئی بردرہوڈ فاؤنڈیشن کے لوگوں نےبلا کسی امتیاز تمام مذاہب کے لوگوں کو کھانا کھلایا ہے۔