مسلم نام سے رام مندر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے دو ہندو نوجوان گرفتار
تاہر سنگھ اور اوم پرکاش کو یو پی ایس ٹی ایف نے کیا گرفتار،ماسٹر مائنڈبھارتیہ گؤ سیوا پریشد کا صدر دیویندر تیواری مفرور
نئی دہلی ،04 جنوری :۔
ایودھیا میں آئندہ 22 جنوری کو رام مندر میں پران پرتشٹھا کی تیاریاں جاری ہیں دریاں اثنا کچھ شدت پسند ہندو مسلمانوں کو بدنام کرنے اور انہیں پھنسانے کے لئے نئی نئی سازشیں رچ رہے ہیں ۔اطلاع کے مطابق اترپردیش پولیس کے ایس ٹی ایف نےدو ایسے ہندو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جو مسلم بن کر رام مندر اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دے رہے تھے ۔دونوں ملزمین کی شناخت تاہر سنگھ (30) اور اوم پرکاش مشرا (31) گونڈہ کے رہنے والے کے طور پر کی گئی ہے۔ اس معاملے میں ماسٹر مائنڈ ‘بھارتیہ گاؤں سیوا پریشد’ کے صدر دیویندر تیواری ہے جو فی الحال مفرور ہے ۔ملزمین نے دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے لیے مسلم ناموں کا استعمال کیا تھا تاکہ اس پورے معاملے کو ہندو مسلم فرقہ وارانہ رنگ دیکر ماحول خراب کیا جا سکے ۔ان کی اس سازش سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے ارادے کتنے خطرناک تھے ۔ ایک ایسے ماحول میں جب پورے ملک کی نظریں ایودھیا میں رام مندر کی طرف ٹکی ہوئی ہیں ۔
ایس ٹی ایف نے نے ان کے پاس سے ایک موبائل فون Vivo T-2 (خطرے کی ای میل آئی ڈی بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے)، ایک اور موبائل فون، ایک وائی فائی راؤٹر (وائی فائی کے ذریعے لاگ ان کرنے اور دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے لیے استعمال کیا جاتاتھا) اور ڈی بی آر برآمد کیا۔ (جس جگہ دھمکی آمیز ای میلز بھیجی گئی تھیں وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈی بی آر) برآمد کر لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے زبیر اور عالم کے نام سے فیک ای میل آئی ڈی بنائی تھی اور اسی سے دھمکی آمیز میل کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ 27 دسمبر 2023 کو ٹویٹر آئی ڈی سے ٹویٹ کیا گیا ۔ دھمکی دی گئی کہ ایودھیا کے شری رام مندر کو بم سے اڑادیا جائے گا۔
گونڈہ کے تاہر سنگھ اور اوم پرکاش مشرا کو ای میل آئی ڈی کے تکنیکی تجزیہ کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو بتایا کہ بنتھرا، لکھنؤ کا دیویندر تیواری بھارتیہ کسان منچ اور بھارتیہ گو سیوا پریشد کے نام سے ایک این جی او چلاتا ہے اور اس کے خلاف لکھنؤ کے مختلف تھانوں میں جرائم کے مقدمات درج ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسی کے کہنے پر ہم نے دھمکی آمیز میل کئے تھے۔
افسر نے کہا کہ ملزم نے یہ بھی کہا کہ دیویندر تیواری نے انہیں بتایا تھا کہ اس سے وہ سوشل میڈیا پر سرخیوں میں آئیں گے اور سیکورٹی میں بھی اضافہ ہو گا اور انہیں بھاری سیاسی فائدہ بھی مل سکتا ہے۔