مسلم فریق کا متھرا شاہی عید گاہ معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج
نئی دہلی، 04 ستمبر:
متھرا میں شاہی عید گاہ تنازعہ معامل میں مسلم فریق نے الہ آباد ہائی کورٹ کے ٹرائل کورٹ سے ہائی کورٹ کو منتقل کی گئی 18 درخواستوں کو قابل سماعت قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ ہندو فریق پہلے ہی اس معاملے میں کیویٹ داخل کر چکا ہے۔
یکم اگست کو الہ آباد ہائی کورٹ نے متھرا شاہی عید گاہ اورکرشن جنم بھومی تنازعہ کیس میں 18 عرضیوں کو سماعت کے قابل قرار دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے ان 18 درخواستوں پر بیک وقت سماعت کرنے کا مطالبہ بھی قبول کر لیا تھا۔ ہندو فریق کی جانب سے دائر ان 18 درخواستوں میں متنازعہ مقام کو شری کرشن کی جائے پیدائش قرار دے کر ہندوؤں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ہائی کورٹ کے یکم اگست کے حکم کو چیلنج کرنے والی درخواست شاہی مسجد عیدگاہ کی مینجمنٹ ٹرسٹ کمیٹی نے ایڈووکیٹ آر ایچ اے سکندر کے ذریعے سپریم کورٹ میں دائر کی ہے۔ سکندر نے کہا کہ درخواست کی سماعت اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یکم اگست کو، الہ آباد ہائی کورٹ نے متھرا میں شاہی عید گاہ اور کرشن جنم بھومی تنازعہ سے متعلق 18 مقدمات کی برقراری کو چیلنج کرنے والی درخواست کو مسترد کر دیا تھا اور فیصلہ دیا تھا کہ شاہی عیدگاہ کے "مذہبی کردار” کا تعین کرنے کی ضرورت ہے۔ہائی کورٹ نے مسجد کے فریق کی اس دلیل کو مسترد کر دیا تھا کہ کرشناجنم بھومی مندر سے متصل شاہی عیدگاہ مسجد کمپلیکس کے تنازعہ سے متعلق ہندو وکیلوں کے دائر کردہ مقدمے عبادت گاہوں (خصوصی دفعات) ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ اس لیے یہ کیسز قابل سماعت نہیں ہیں۔