مسلم طالبہ کا قابل فخر کارنامہ:  زینب عرفان سیٹھ نے سنگاپور میں 12ویں جماعت میں ٹاپ رینک حاصل کیا

اہل خانہ اور متعلقہ رشتہ داروں کااس شاندار کامیابی پر اظہار مسرت،نیک تمناؤں کا اظہار

نئی دہلی ،25 فروری:۔

موڈاسا گجرات  کی رہنے والی زینب عرفان سیٹھ نے سنگاپور میں 12ویں جماعت کے امتحانات میں 90/90 کا بہترین اسکور حاصل کرکے اپنے خاندان اور برادری کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ اس شاندار کامیابی نے اس کے لیے سنگاپور کے ممتاز میڈیکل اسکول سمیت تمام فیکلٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے دروازے کھول دیے۔

انڈیا ٹو مارو( انگریزی )کی رپورٹ کے مطابق زینب سنگاپور جنرل اسپتال کے معروف ایمرجنسی فزیشن ڈاکٹر عرفان عبدالرحمن سیٹھ اور منیبہ عرفان سیٹھ کی بیٹی ہیں۔ ان کی تعلیمی فضیلت نے نہ صرف ا نکے خاندان بلکہ موڈاسا کی وسیع تر مسلم کمیونٹی کا نام فخر سے بلند کر دیا ہے۔

زینب کے ماموں، ڈاکٹر افتخار ملک، جو موڈاسا میں ایک پریکٹس کرنے والے ڈاکٹر ہیں، نے اس کی اس کامیابی پر بے حد فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پورے خاندان کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ ڈاکٹر افتخار ملک نے کہا کہ زینب کا کارنامہ صرف ایک ذاتی سنگ میل نہیں بلکہ ہماری کمیونٹی کے اندر موجود صلاحیت کی علامت ہے۔

زینب کے دیگر رشتہ دار  ڈاکٹر شاہد ملک، ایک اینستھیسٹسٹ، اور ڈاکٹر شکیب ملک، ایک آرتھوپیڈک سرجن، بھی اس کی کامیابیوں کے فخر میں شریک ہیں۔ وہ قابل احترام پیشہ ور ہیں جو طویل عرصے سے اپنی کمیونٹی کی خدمت کے لیے وقف ہیں۔

واضح رہے کہ زینب کے دادا مرحوم عبدالرحمن سیٹھ ایک مشہور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھے، جب کہ ان کے دوسرے دادا مرحوم نثاراحمد ملک موڈاسا کے کئی تعلیمی اداروں سے وابستہ ایک معزز ماہر تعلیم تھے۔

اس خوشی کے موقع پر، سیٹھ خاندان زینب کی شاندار کامیابی پر اللہ سبحانہ و تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہے۔ اس کی کامیابی کو آنے والی نسلوں کے لیے امید اور تحریک کی روشنی کے طور پر دیکھ  رہا ہے، اور خاندان اس کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر میں اس کی مسلسل کامیابی کا منتظر ہے۔