مسلمان کاشی، متھرا پر دعویٰ چھوڑ دیں،وشو ہندو پریشد کا مندر مسجد تنازعہ پر بیان
وی ایچ پی کے جوائنٹ سکریٹری سریندر کمار جین کا مسلمانوں کو مشورہ ،کہاہرمسجد کے نیچے شیولنگ کی تلاش بند کر دیں گے
ناگپور ، 30 دسمبر :۔
ملک میں مساجد کے نیچے مندروں کی تلاش کی مہم کے درمیان ایک بار پھر وشو ہندو پریشد نے مسلمانوں سے کاشی ،متھرا پر دعویٰ چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس کے بدلے میں وی ایچ پی کا کہنا ہے کہ وہ ہر مسجد کے اندر شیو لنگ کی تلاش بند کر دیں گے۔ خیال رہے کہ ایودھیا میں بابری مسجد تنازعہ کے درمیان بھی وی ایچ پی اور دیگر ہندو تنظیموں کی جانب سے ایسا ہی مطالبہ کیا گیا تھا ۔
رپورٹ کے مطابق وشو ہندو پریشد کے جوائنٹ جنرل سکریٹری ڈاکٹر سریندر کمار جین نے کہا ہے کہ اگر مسلمان کاشی اور متھرا پر اپنا دعویٰ ترک کر دیں تو وہ ہر مسجد کے نیچے شیولنگ کی تلاش بند کر دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اگر مسلم کمیونٹی پہل کرے اور محبت کے ساتھ اپنے حقوق سے دستبردار ہو جائے، تعصب ترک کر دے تو آپ ہمارا دل جیت لیں گے، ورنہ ان معاملات کا فیصلہ کرنے کے لیے عدالتیں موجود ہیں۔
ڈاکٹر جین نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ وشو ہندو پریشد نے اپنے کسی موضوع کو نہیں چھوڑا ہے۔ ‘وہاں مندر بنائیں گے، مندر کو عظیم الشان بنائیں گے’ کے وعدے کے مطابق ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، اب کرشن جنم بھومی اور کاشی وشوناتھ مندر آزاد ہوں گے۔ جین نے کہا کہ امن پسند ہندو سماج 1984 سے کاشی اور متھرا پر دعویٰ کر رہا ہے۔ اس وقت بھی ہم نے مسلمانوں کو یہ تجویز پیش کی تھی کہ اگر وہ ان دونوں جگہوں پر اپنا دعویٰ ترک کر دیں تو ہندو برادری باقی جگہوں پر دعویٰ نہیں کرے گی۔
سریندر کمار جین نےآر ایس ایس سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت کے اس بیان سے بھی اتفاق کیا جس میں انہوں نے ‘ہر مسجد کے نیچے مندر نہ ڈھونڈنے’ کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر اپنی رائے دیتے ہوئے ڈاکٹر جین نے کہا کہ ہم سرسنگھ چالک کے بیان سے پوری طرح متفق ہیں، لیکن ان کے بیان کا ایک جملہ نمایاں کرکے دکھایا گیا۔ سرسنگھ چالک کے طور پر، انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سب سے پہلے مسلم کمیونٹی کو جنونیت ترک کرنا ہوگی۔