جمعۃ الوداع کے موقع پر اپنے بازو پر کالی پٹیاں باندھ کر وقف بل کے خلاف احتجاج کریں

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی ملک کے مسلمانوں سے اپیل،29 مارچ کو وجئے واڑہ میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا منصوبہ

نئی دہلی،27 مارچ:۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ملک بھر  میں وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں سر گرم ہے۔ ملک گیر سطح پر اس بل کے خلاف مسلمانوں میں بیداری پیدا کرنے کی مہم شروع کر دی ہے۔ راجدھانی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کے بعد گزشتہ روز پٹنہ کے گردنی باغ میں زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ اسی سلسلے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے تمام مسلمانوں سے  اپیل کی ہے کہ وہ رمضان کے آخری جمعہ کو اپنی کلائیوں کے گرد سیاہ پٹیاں باندھ کر مجوزہ وقف ترمیمی بل 2025 پر اپنا غصہ کا اظہار کریں  ۔

میڈیا کو ایک مشترکہ بیان میں بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، سیکرٹری جنرل مولانا فضل الرحیم مجددی اور ترجمان سید قاسم رسول الیاس نے کہا کہ مجوزہ بل کے خلاف بھرپور احتجاج کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بل کا اصل مقصد مسلمانوں کو ان کی مساجد، مدارس، عیدگاہوں، خانقاہوں اور قبرستانوں سے محروم کرنے کی سازش ہے۔ اگر یہ بل منظور ہو جاتا ہے تو مسلمان ہزاروں مساجد، قبرستان، خانقاہوں، مدرسوں اور دیگر املاک سے محروم ہو جائیں گے جو فی الحال خیراتی مقاصد کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ اے آئی ایم پی ایل بی نے مجوزہ بل کے خلاف دہلی اور پٹنہ میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کا اہتمام کیا تھا اور 29 مارچ کو وجئے واڑہ میں اسی طرح کے احتجاج کا منصوبہ بنایا ہے۔