مسلمانوں کی بھیڑ دکھانےکے لئے بی جے پی نے ہندوؤں کو پہنا دیامسلم ٹوپی
رانچی میں بی جے پی کے امیدوارسنجے سیٹھ اور ورون ساہو کے پروگرام میں مسلمانوں کی بھیڑ دکھانے کے لئے ہندووں کو جالیدار ٹوپی پہنا کر بٹھایا گیا،ویڈیو وائرل
نئی دہلی ،09مئی :۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں پر انتخابی تشہیر کے دورا جھوٹ بولنے کے الزامات اکثر لگائے جاتے رہے ہیں لیکن اب بی جے پی فرضی بھیڑ بھی تیار کر رہی ہے۔جھارکھنڈ کے رانچی میں ایسا ہی ایک معاملہ سامنے آیا ہے ۔ جہاں رانچی سے بی جے پی رہنما سنجے سیٹھ کے پروگرام میں مسلمانوں کی بھیڑ دکھانے کے لئے ہندوؤں کو ٹوپی پہنا کر بٹھا دیا گیا ۔بی جے پی رہنماؤں نے پروگرام کے دوران کہا کہ یہاں بڑی تعداد میں مسلمان آئے ہیں ۔اس دوران وہاں ٹو پی لگائے لوگوں کو بی جے پی کا گمچھا بھی پہناکر استقبال کیا گیا۔بی جے پی رہنماؤں نےکہا کہ یہ تمام لوگ مسلمان ہیں جو سیکڑوں کی تعداد میں بی جے پی سے جڑ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ اس پروگرام میں بیٹھے بڑی تعداد میں مسلمان نظر آ رہے ہیں جو نماز میں استعمال ہونے والی ٹوپی لگائے ہوئے ہیں۔لیکن جب اس بھیڑ کی حقیقت معلوم کرنے کے لئے ایک رپورٹر نے لوگوں سے بات کی تو اس میں کئی لوگوں نے اپنے نام ہندوؤں والے بتائے۔اس میں کچھ لوگوں نے اپنا نام مہتو بتایا تو کوئی ساؤ تو کوئی اوراوں۔اور یہ تمام لوگ علاقے کے مختلف مقامات سے آئے ہوئے تھے۔ایک شخص نے اپنا نام شکلو رام بتایا اور ایک دوسرے نے سکھ رام بتایا ۔
اس سلسلے میں بی جے پی کو جے ایم ایم نے بھی تنقید کا نشناہ بنایا ہے۔جھارکھنڈ مکتی مورچہ نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر لکھا ہے کہ ‘گول مال ہے بھائی، سب گول مال ہے۔ ووٹ کے لیے کہاں تک جھکیں گے؟ اس کے ساتھ انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ یہ ویڈیو ایک یو ٹیوب چینل کا ہے۔ جب اس کے رپورٹر نے وہاں موجود لوگوں کے نام پوچھے تو کچھ نے اپنے نام یادو، اوراون اور کچھ نے ساو بتائے۔ ایک شخص نے اپنا نام سکلو رام بتایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کو ارگورہ میں سنجے سیٹھ کے دفتر میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں سیکڑوں کی تعداد میں جیسا کی بی جے پی لیڈر نے دعویٰ کیا ہے، مسلمان بی جے پی میں شامل ہوئے۔ پروگرام ورون ساہو کی قیادت میں کیا گیا۔ جس پر مسلسل تنقید کی جا رہی ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ بی جے پی نے رانچی لوک سبھا سیٹ سے سنجے سیٹھ کو میدان میں اتارا ہے۔ یشسونی سہائے کو انڈیا الائنس کی جانب سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد مقامات پر بی جے پی کے پروگراموں میں ہندو خواتین کو برقع پہنا کر اور مردوں کو مسلم ٹوپی پہنا کر بٹھا دیا گیا اور لوگوں میں یہ باور کرانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ مسلمان بھی بی جے پی کے ساتھ جڑ رہے ہیں ۔رانچی میں بھی سی پی سنگھ کے پروگرام میں یہی دکھانے کی کوشش کی گئی کہ مسلمان بی جے پی سے جڑ رہے ہیں۔