‘مسجد کے اندر  جے شری رام کا نعرہ لگانے سے مذہبی جذبات مجروح نہیں ہوتے’

 کرناٹک ہائی کورٹ کا حیران کن  فیصلہ،مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں دو افراد کے خلاف مجرمانہ الزامات کو مسترد کر دیا

نئی دہلی ،15 اکتوبر :۔

حالیہ دنوں میں ہندو تہواروں کے دوران مذہبی جلوس میں شامل ہجوم کے ذریعہ مساجد کے سامنے ہنگامہ آرائی اور تیز آواز میں  ڈی جے بجانے اور اشتعال انگیز گانے بجانے پر تشدد کے واقعا ت رونما ہوئے ہیں ۔ اس طرح کی حرکتوں پر تنقیدیں کی جا رہی ہیں ۔دریں اثنا  کرناٹک ہائی کورٹ کا ایک حیران کن فیصلہ آیا ہے۔جس میں کرناٹک ہائی کورٹ نے مساجد کے اندر جے شری رام جیسا مذہبی نعرے لگانےسے مذہبی جذبات کے مجروح ہونے کے خیال کو مسترد کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایک مسجد کے اندر "جئے شری رام” کا نعرہ لگا کر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں دو افراد کے خلاف مجرمانہ الزامات کو مسترد کر دیا۔ جسٹس ایم ناگاپرسنا نے فیصلہ دیا کہ اس عمل سے امن عامہ میں خلل نہیں پڑا اور نہ ہی کسی مذہبی گروہ کو ٹھیس پہنچی، یہ بتاتے ہوئے کہ اس واقعے سے "کسی بھی طبقے کے مذہبی جذبات مجروح نہیں ہوئے۔

اس کیس میں کیرتن کمار اور سچن کمار شامل تھے، جو دکشن کنڑ کے رہنے والے ہیں، جنھیں تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی متعدد دفعات کے تحت الزامات کا سامنا کرنا پڑا، بشمول دفعہ 295A، 447، اور 506۔ الزامات پولیس کی شکایت پر مبنی تھے جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ دونوں پچھلے سال ستمبر میں رات کے وقت مسجد میں گھس کر ’’جئے شری رام‘‘ کا نعرہ لگایا۔

آئی پی سی کی دفعہ 295A مشتعل کرنے کے لیے مذہبی عقائد کی توہین کے مقصد سے جان بوجھ کر کیے جانے والے اقدامات کو مجرم قرار دیتی ہے۔ تاہم عدالت کو کوئی ثبوت نہیں ملا کہ نعرے دشمنی کو بھڑکانے یا ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ "یہ دیکھتے ہوئے کہ علاقے میں ہندو اور مسلمان پرامن طور پر ایک ساتھ رہتے ہیں، اس واقعہ کو کسی بھی مذہبی گروہ کی توہین سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔ مزید یہ کہ ’’جے شری رام‘‘ کا نعرہ لگانا دفعہ 295A کے تحت کسی جرم کی شرائط کو پورا نہیں کرتا تھا۔ تاہم ریاستی حکومت نے منسوخی کی مخالفت کی اور مزید تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اپنے فیصلے میں، عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا، جس میں یہ واضح کیا گیا کہ تمام کارروائیاں دفعہ 295A کے تحت نہیں آتی ہیں، خاص طور پر اگر وہ امن عامہ کو خطرہ نہ ہوں۔ عدالت نے نتیجہ اخذ کیا کہ "مسلسل کارروائی کی اجازت دینا قانونی عمل کا غلط استعمال اور انصاف کی کمی ہوگی۔

اسی طرح کے ایک معاملے میں، عدالت نے راہل گاندھی کے خلاف مبینہ ریمارکس کے لیے بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ کے خلاف درج ایف آئی آر پر روک لگا دی، اور فیصلہ دیا کہ اس بات کے ناکافی ثبوت ہیں کہ مالویہ کے بیانات سے امن عامہ کو خطرہ ہے۔

اسی طرح، ایک اور معاملے میں، کرناٹک ہائی کورٹ نے یوٹیوبر اجیت بھارتی کے خلاف تحقیقات پر روک لگا دی، جس پر راہل گاندھی اور رام مندر کے بارے میں اشتعال انگیز تبصرے کرنے کا الزام تھا۔ بھارتی نے دعویٰ کیا تھا کہ گاندھی اترپردیش کے ایودھیا میں رام مندر کی جگہ نئی بابری مسجد بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ایک اور متعلقہ فیصلے میں، کرناٹک ہائی کورٹ نے اس سال ستمبر میں فیصلہ دیا کہ "بھارت ماتا کی جئے” کے نعرے کو نفرت انگیز تقریر نہیں سمجھا جا سکتا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ کرناٹک ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ ملک میں مسلمانوں کے خلاف ہندو اکثریت کو نرمی فراہم کرتا ہے اور اشتعال انگیز ی اور توہین آمیز اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔