مرکزی حکومت کا حج 2025 کے لئے نئی پالیسی کا اعلان

حج کمیٹی سے زندگی میں صرف ایک حج کی اجازت، خادم الحجاج کا نام تبدیل کر کے اسٹیٹ حج انسپکٹر رکھا گیا

نئی دہلی07 اگست :

مرکزی حکومت نے سال 2025 کے لیے حج پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئی پالیسی کے مطابق، انڈین حج کمیٹی کو مختص عازمین حج کے کل کوٹے کا 70 فیصد حصہ دیا جائے گا جبکہ باقی 30 فیصد کوٹہ پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کو دیا جائے گا۔

نئی پالیسی میں 65 سال سے زیادہ عمر کے عازمین حج ، محرم کے بغیر سفر کرنے والی خواتین اور عام زمرے کے لیے ترجیحی ترتیب میں تبدیلی کی گئی ہے۔ 2024 کی پالیسی میں 70 سال سے زیادہ عمر کے درخواست دہندگان کو ترجیح دی جاتی تھی۔

اس کے علاوہ بھی کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جیسے  نئی پالیسی کے تحت 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے درخواست دہندگان جو حج پر جانا چاہتے ہیں، وہ اب اکیلے حج پر نہیں جا سکیں گے۔ ان کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ اپنے ساتھ کسی رشتہ دار کو بطور مددگار لے جائیں۔

غیر محرم کیٹیگری میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین کے لیے اپنے ساتھ خاتون ساتھی کو لے جانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔  حج کمیٹی کے ذریعے زندگی میں صرف ایک بار حج کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔نئی پالیسی میں خادم الحجاج کا نام تبدیل کر کے اسٹیٹ حج انسپکٹر کے نام سے موسوم کیاگیا ہے۔